الزبتھ نیشنل پارک میں درختوں پر رہنے والے 6 انوکھے شیروں کی پُراسرار موت

2010 اور 2018 میں بھی اس پارک میں بالترتیب 11 اور 5 شہروں کو زہر دیکر ہلاک کیا گیا تھا


ویب ڈیسک March 21, 2021
یہ شیر درختوں پر چڑھنے کے ماہر تھے اور اسی کو اپنا مسکن بناتے تھے، فوٹو : فائل

یوگنڈا کے معروف الزبتھ نیشنل پارک میں 6 شیر پُراسرار طور پر مردہ پائے گئے، عام شیروں کے برعکس یہ شیر درختوں پر چڑھنے کے ماہر تھے اور زیادہ تر وقت درخت پر ہی گزارتے تھے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوگنڈا کے کوئن الزبتھ نیشنل پارک میں شیروں کی ہلاکت کا اس وقت پتہ چلا جب پارک میں گِدھوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جو مرے ہوئے شیروں کو نوچ رہے تھے۔ یہ شیر درختوں پر چڑھنے کی صلاحیت رکھنے کے باعث دنیا بھر میں مشہور تھے۔

الزبتھ نیشنل پارک کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ شیروں کے سر اور پنجوں کو کاٹ دیا گیا تھا اور ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ شیروں کو زہر دیکر مارا گیا جب کہ اس معاملے میں جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

مقامی پولیس نے پارک میں شیروں کی پُراسرار موت کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاہم اس پارک میں 2018 میں بھی 11 شیروں اور 2010 میں 5 شیروں کو مبینہ طور پر زہر دیکر ہلاک کردیا گیا تھا اور ان کی وجوہات بھی سامنے نہیں آسکی تھیں اور نہ ہی پولیس ملزمان کا سراغ لگا پائی تھی۔