ملیر جیل میں ہیپاٹائٹس سے متاثرہ 46 قیدیوں کا انکشاف

ججز نے دورے کے دوران قیدیوں کے مسائل سنے،سزا پوری کرنیوالے 6 قیدی رہاکردیے


Staff Reporter January 09, 2014
جیل اسپتال میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد 46 تک پہنچ گئی ہے. فوٹو: فائل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر محمد یامین نے جوڈیشل مجسٹریٹس حسن علی کلوڑ،عبدالشکور کلہوڑو،آدم سنگھار ملیر اور زبیر بن محمود کے ہمراہ اچانک ڈسٹرکٹ جیل ملیر کا دورہ کیا۔

ججوں نے بیرکوں میں جا کر قیدیوں سے ان کے مقدمات کے سے متعلق مسائل سنے قیدیوں کی بڑی تعداد نے مقدمات سے بری کرنے کیلیے درخواستیں پیش کیں جبکہ6 قیدیوں نے بتایا کہ انھیں عدالت سے ملنے والی سزا پوری ہوچکی ہے لیکن جرمانے کی رقم ادا نہیں کرسکتے جرمانے کی رقم کی ادائیگی کی اپیل کی ڈسٹرکٹ جج نے اپیل منظور کر لی بعدازاں قیدیوں کے جرمانے کی رقم اور سفری اخراجات سائبان کے چیئرمین حق نواز اختر کی جانب سے ادا کردی گئی اس طرح مجموعی طور پر6 قیدیوں کو رہائی مل گئی، فاضل ججوں نے جیل اسپتال کا دورہ کیا جہاں میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سجاد راہموں اور ڈاکٹر سید فرمان شاہ نے قیدی مریضوں کے امراض کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔



ڈاکٹروں نے ڈسٹرکٹ ججوں کو بتایا کہ زخمی اور بیمار مریضوں کیلیے وہیل چیئرز کی عدم دستیابی اور سیکیورٹی گارڈ کے بغیر مریض قیدیوں کو شہر کے اسپتالوں میں داخل کرانا بڑا مسئلہ بن گیا ہے الٹراساؤنڈ اور ایکسرے مشینیں تو موجود ہیں تاہم اس کے ٹیکنیشن نہیں ملے جس کے باعث قیدی مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جیل اسپتال میں 2 میڈیکل آفیسرز اور نرسنگ اسٹاف کی بھی کمی ہے جس کے باعث قیدی مریضوں کو طبی سہولت کی فراہمی میں دشواری کا سامنا ہے ڈاکٹر سجاد راہموں نے مزید بتایا کہ جیل اسپتال میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد 46 تک پہنچ گئی ہے اس موقع پر جیل اسپتال میں زیر علاج ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے10 ماہ قبل فرار اور بعدازاں گرفتار ہونے والے بھارتی ماہی گیر کشور کمار نے ججوں کو بتایا کہ وہ اپنے کیے پر پشیمان ہے۔