ڈونلڈ ٹرمپ کا نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم لانچ کرنے کا فیصلہ

سابق صدر دو سے تین ماہ میں نئے پلیٹ فارم کے ساتھ سوشل میڈیا پر نظر آئیں گے، ترجمان ڈونلڈ ٹرمپ


ویب ڈیسک March 22, 2021
ٹوئٹر نے سابق صدر کا اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کردیا تھا، فوٹو : فائل

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سوشل میڈیا پر جلد ہی واپس آرہے ہیں اور اس بار یہ واپسی ان کے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہوگی۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدارتی الیکشن میں ناکامی اور ٹوئٹر پر مستقل پابندی کے بعد سابق صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا میں انٹری کے لیے نئے پلیٹ فارم کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے جو ان کا ذاتی پلیٹ فارم ہوگا۔

ٹرمپ کے مشیر اور ترجمان جیسن ملر نے فاکس نیوز کو بتایا کہ سابق صدر دو سے تین ماہ کے دوران سوشل میڈیا پر واپس آجائیں گے تاہم یہ واپسی ان کے اپنے پلیٹ فارم پر ہوگی جس میں لاکھوں نئے صارفین بھی شامل ہوسکیں گے۔



امریکی صدارتی الیکشن میں ناکامی کے بعد ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا اور توڑ پھوڑ کی تھی جس کے دوران 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ حملہ حامیوں نے مبینہ طور پر سابق صدر کے اکسانے پر کیا تھا۔

اس واقعے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب نے سابق صدر کے اکاؤنٹس عارضی طور پر بند کردیئے تھے جب کہ بعد میں ٹوئٹر نے اکاؤنٹ مستقل ہی بند کردیا تھا۔