فٹنس کیلیے فکر مند شرجیل کی فارم دھوکا دے گئی
انٹرااسکواڈ میچ میں بڑی اننگز نہ کھیل پائے،جلد وکٹ گنوانے کے بعد ٹریننگ میں سرگرم،یونس خان کے مشورے۔
تربیتی کیمپ کا اختتام۔ فوٹو: فائل
فٹنس کیلیے فکرمند شرجیل خان کی فارم دھوکا دے گئی،اوپنر انٹرا اسکواڈ میچ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی تیاری کیلیے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں قومی تربیتی کیمپ ختم ہوگیا، گذشتہ روز انٹراسکواڈ پریکٹس میچ کیلیے کھلاڑیوں کو2 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا، بابر اعظم کی زیر قیادت ٹیم گرین میں امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، دانش عزیز، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد حسنین، زاہد محمود، خوشدل شاہ اور محمد عمران شامل تھے۔
سرفراز احمد کی زیر قیادت ٹیم وائٹ میں عبداللہ شفیق، شرجیل خان، سعود شکیل، محمد حفیظ، حیدرعلی، آصف علی، محمد وسیم، عثمان قادر، ارشد اقبال، شاہ نواز دھانی، نسیم شاہ، عماد بٹ اور فیصل اکرم کو جگہ ملی۔
ٹیم گرین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے8وکٹ پر 356کا مجموعہ حاصل کیا، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 81گیندوں پر 112 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 10چوکے شامل تھے، اوپنر فخر زمان نے 58رنز بنائے، کپتان بابر اعظم نے 48 رنز اسکور کیے، عثمان قادر، محمد حفیظ اور فیصل اکرم نے 2، 2 شکار کیے۔
ٹیم وائٹ کو 50 اوورز میں 320کا نظرثانی شدہ ہدف دیا گیا لیکن تمام کھلاڑی 48 ویں اوور میں 317 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، آصف علی5 رنز کی کمی سے سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے، عبداللہ شفیق 62 اور عثمان قادر 53رنز بناکر نمایاں رہے، سعود شکیل نے 36 رنزکی اننگز کھیلی،شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد نواز نے 3،3 وکٹیں اڑائیں،اوپنر شرجیل خان سے بلند توقعات تھیں، جہاں بیشتر بیٹسمینوں نے رنز کے انبار لگائے وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
شرجیل نے عبداللہ شفیق کے ہمراہ اننگز کا آغاز کیا اور اپنی پہلی ہی گیند ہر شاہین آفریدی کو چوکا لگاکر کھاتہ کھولا مگر 14گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 19رنز بناکر چلتے بنے، شاہین شاہ آفریدی نے اپنے تیسرے اور کھیل کے پانچویں اوور میں شرجیل خان کو فہیم اشرف کا کیچ بنوایا۔
یاد رہے کہ فٹنس میں بہتری کیلیے ٹریننگ میں مصروف اوپنر کو پہلے میچ میں نہیں کھلایا گیا تھا، دوسرے میں موقع ملا تووہ اپنی فارم ثابت نہیں کرپائے، شرجیل جلد آؤٹ ہونے کے بعد فٹنس کو بہتر بنانے اور وزن کم کرنے کیلیے متحرک نظر آئے، جسمانی مشقوں کے بعد وہ بیٹنگ کوچ یونس خان کے ساتھ باؤنڈری لائن کے اطراف میں رننگ کرتے رہے۔ سابق کپتان جارح مزاج اوپنر کو فٹنس میں بہتری کیلیے مشورے دیتے بھی دکھائی دیے۔
دریں اثناء ایک انٹرویو میں سابق پیسر شعیب اختر نے شرجیل خان کو مشورہ دیا کہ کسی دباؤ کا شکار ہوئے بغیر اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کریں،بہادر مرد کی طرح میدان میں اتریں اوراپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ اوپنر کے پاس ہر قسم کے اسٹروکس موجود ہیں، انھیں صرف اعتماد کی ضرورت ہے،ابھی بیٹنگ کا زیادہ تر بوجھ بابر اعظم پر ہے، شرجیل خان فٹنس میں بہتری لے آئیں اور ایک قابل بھروسہ اوپنر بنیں تو پاکستان ٹیم کے آدھے مسائل حل ہوجائیں گے۔
دوسری جانب سابق کپتان راشد لطیف نے مشورہ دیاکہ شرجیل خان کو زمبابوے سے ٹیسٹ سیریزکے دوران بھی اسکواڈ کے ساتھ رکھا جائے، یونس خان ان کی فٹنس اور بیٹنگ سمیت صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کرسکتے ہیں۔