مریم نواز کی نیب آفس پیشی مسلم لیگ ن کی حکمت عملی تیار

مریم نواز جاتی امراء کے بجائے ماڈل ٹاؤن سے نیب آفس کے لئے روانہ ہوں گی، ذرائع (ن) لیگ


ویب ڈیسک March 25, 2021
اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز بھی مریم نواز کے ہمراہ ریلی کی قیادت کریں گے، ذرائع (ن) لیگ۔ فوٹو:فائل

مریم نواز کی نیب آفس میں پیشی کے لئے مسلم لیگ (ن) نے حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کل 26 مارچ کو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو نیب لاہور نے طلب کررکھا ہے، مریم نواز نیب آفس پیش ہوں گی، اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔

ذرائع (ن) لیگ نے بتایا ہے کہ مریم نواز جاتی امراء کے بجائے ماڈل ٹاؤن سے نیب آفس کے لئے روانہ ہوں گی، اس حوالے سے لاہور ڈویژن سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ رکن قومی و صوبائی اسمبلی کو اپنے ساتھ قافلے کے لئے 200 کارکنوں کو ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، مریم نواز ریلی کی صورت میں فیروز پور روڈ سے ہوتے ہوئے براستہ کنال روڈ نیب آفس ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں گی۔ ریلی کے راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جائیں گے، جب کہ مسلم ٹاؤن موڑ پر بڑا استقبالیہ کیمپ لگایاجائےگا۔

ذرائع (ن) لیگ کے مطابق اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز بھی مریم نواز کے ہمراہ ریلی کی قیادت کریں گے، ریلی کے شرکاء کےلئے پارٹی پرچم، فلیکس، پھولوں کی پتیاں اور پینے کی پانی کی بوتلیں، کھانے کےلئے مختلف اراکین اسمبلی کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں، ٹرانسپورٹ ، استقبالیہ کیمپ، ساؤنڈ اور ٹرک کےلئے ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں۔