سلمان خان کو کورونا ویکسین لگوانے پر شدید تنقید کا سامنا

ویب ڈیسک  جمعرات 25 مارچ 2021
سلمان خان کو بوڑھا ہونے کی وجہ سے 60 سال کی عمر سے قبل ہی ویکسینیشن لگا دی گئی ہے۔صارفین کی تنقید  فوٹو:فائل

سلمان خان کو بوڑھا ہونے کی وجہ سے 60 سال کی عمر سے قبل ہی ویکسینیشن لگا دی گئی ہے۔صارفین کی تنقید فوٹو:فائل

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو 60 سال عمر سے قبل کورونا ویکسین لگوانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے کورونا وائرس نے بھارت پر بھی گہرے اثرات مرتب کئے ہیں، آئے روز کسی نہ کسی مشہور شخصیت کے وائرس  سے متاثر ہونے کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ اب تک امیتابھ بچن، کارتک آریان ، ورون دھون، عامر خان، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ سمیت کئی فن کار اس وباء کا شکار بن چکے ہیں۔

ان دنوں فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘  اور ’رادھے‘ کی شوٹنگ میں مصروف سلمان خان نے کورونا وائرس سے بچنے کے لئے ویکسین لگوائی ہے جس کا اعلان خود انہوں نے گزشتہ روز ٹوئٹ پر کیا تھا جس کے بعد  انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن صرف 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو لگائی جا رہی ہے لیکن سلمان خان نے کس قانون کے تحت یہ ویکسین لگائی کیوں کہ اس وقت اُن کی عمر 55 سال ہے۔

ریڈیو پریزینٹر اور اداکارہ روہینی راماناتھن  نے سلمان خان کی ٹوئٹ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’رکیے گا!  کیا سلمان خان کی عمر 60 سال سے زائد ہے؟(میں بہت کنفیوز ہوں)‘

ایک صارف نے کہا کہ ویسے تو ویکسین 60 سال کی عمر دراز افراد کو لگائی جا رہی ہے لیکن سلمان خان کو بوڑھا ہونے کی وجہ سے پہلے ہی لگا دی گئی۔

بھارتی صارف ونش دیپ نے کہا کہ ہم تو بھول ہی گئے تھے کہ اب آپ کو عمر رسیدہ لوگوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہیں 60 سال سے پہلے ویکسین لگا کر اچھا کیا کیوں کہ بزرگوں کو اس ویکسین کی زیادہ ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔