ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 مارچ 2021
حکومتی ہدایات کی پاسداری نہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کا حکم

حکومتی ہدایات کی پاسداری نہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کا حکم

کمشنر لاہور نے ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے کمشنر لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان یونس کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر اور سی سی پی او نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے تجاویز کو زیر بحث لایا گیا اور ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

لاہور انتظامیہ نے حکومتی ہدایات کی پاسداری نہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ کمشنر لاہور محمد عثمان یونس نے مشترکہ ٹیمیں اور کنٹرول روم بھی قائم کردیا، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کورونا ایس او پیز کی خلاف مل کر کارروائیاں کریں گی۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شادی ہالز، پبلک مقامات پر سختی سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے گا اور بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کر دیا جائے گا۔

ایڈیشنل آئی جی غلام محمد ڈوگر نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر زیرو ٹولرینس پالیسی اپنانا ہو گی، کورونا وباء کے خطرات شدید ہیں جس سے بچنے کےلیے احتیاط برتنا ہوگی۔

شرکا نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد سے زائد سواریاں نہیں بٹھائی جاسکتیں جس کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔

سی سی پی او لاہور نے پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے اور بغیر ماسک گاڑیوں کےخلاف کارروائی کا بھی حکم جاری کردیا۔

سی ٹی او لاہور سید حماد عابد نے بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے موٹرسائیکل سواروں اور رکشہ سمیت دیگر گاڑیوں کو وارننگ دینے کی ہدایت کردی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔