علی امین گنڈا پور کی اپنے کم عمر بچے سے گاڑی چلوانے پر کی جانیوالی تنقید پر ہٹ دھرمی

ٹریفک قوانین کا اطلاق سڑک، ہائی وے اور موٹر وے پر ہوتا ہے اس لیے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، وفاقی وزیر


ویب ڈیسک March 30, 2021
علی امین گنڈا پور کی ویڈیو وائر ہوئی تھی جس میں وہ گاڑی میں موجود ہیں اور کم عمر بچہ گاڑی چلا رہا ہے

کم عمر بچے سے گاڑی چلوانے پر ہونے والی تنقید کے بعد وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کا ردعمل سامنے آگیا جس میں انہوں ںے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عمل کا دفاع کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے اینکر منصور علی خان نے علی امین گنڈا پور کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ گاڑی میں موجود ہیں اور ایک بچہ گاڑی چلا رہا ہے۔ اس پر اینکر پرسن نے تبصرہ کیا تھا '' علی امین گنڈاپور ایک بچے کو گاڑی چلوا رہے ہیں۔ پریشان نہ ہوں، ابھی ہمارے انصافی بھائی اس کی بھی کرامات بیان کریں گے۔''

اس پر جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے لکھا کہ ''پہلی بات یہ کہ ٹریفک قوانین کا اطلاق سڑک، ہائی وے اور موٹر وے پر ہوتا ہے اس لیے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوئی آپ اپنی معلومات میں اضافہ کریں۔''



انہوں نے مزید کہا کہ ''دوسری بات یہ ہے کہ یہ میری اپنی زمین ہے، میری اپنی گاڑی ہے اور (گاڑی چلانے والا بچہ) میرا بیٹا ہے۔ تیسری بات یہ کہ منصور علی خان اور تنقید کرنے والے دیگر بڑے ہوجائیں اور اپنے کام سے کام رکھیں۔''

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وفاقی وزیربرائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ گاڑی میں سوار ہیں اور ایک کم عمر بچہ گاڑی چلا رہا ہے۔ اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وفاقی وزیر کے رویے پر تنقید کی گئی تھی۔