مائیکل کلارک اور اینڈرسن کے درمیان صلح ہوگئی

کلائی توڑنے کی دھمکی دینے پر آسٹریلوی قائد کوجرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑا


Sports Desk January 10, 2014
گذشتہ دنوں انگلش پلیئرز اور کوچنگ اسٹاف نے تین گھنٹے آسٹریلوی ڈریسنگ روم میں گزارے۔ فوٹو: فائل

ایشز سیریز میں وائٹ واش شکست کے بعد انگلش ٹیم کے آسٹریلوی ڈریسنگ روم میں آکر فاتح اسکواڈ کو مبارکباد دینے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس موقع پر میزبان قائد مائیکل کلارک اور انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کے درمیان بھی صلح ہوگئی، برسبین میں کلارک نے انھیں کلائی توڑنے کی دھمکی دی تھی جس پر انھیں جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گذشتہ دنوں انگلش پلیئرز اور کوچنگ اسٹاف نے تین گھنٹے آسٹریلوی ڈریسنگ روم میں گزارے، اینڈی فلاور اپنے ہم منصب ڈیرن لی مین سے بات کرتے رہے، مائیکل کیربیری نے آسٹریلوی اوپنر کرس روجرز سے اپنے کھیل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

 photo 9_zps632e4a65.jpg

اس موقع پر موجود سابق کینگرو بیٹسمین ڈین جونز کا کہنا ہے دونوں ٹیموں کے درمیان اتنے دوستانہ ماحول کو دیکھ کر مجھے کافی حیرت ہوئی۔ دریں اثنا انگلینڈ آسٹریلیا کے ہاتھوں ایشز سیریز میں تاریخ کی بدترین شکست سے دوچار ہوا تھا، 10 اننگز کے دوران ٹیم نے 2030 رنز کے عوض 100 وکٹیں 20.30 کی اوسط سے گنوائیں، اس سے قبل انگلش سائیڈ نے1920-21 میں 98 وکٹوں کے نقصان پر 2779 رنز بنائے تھے، 2006-07 کی وائٹ واش شکست میں انگلینڈ نے 2530 رنز اسکور کیے جبکہ 96 وکٹیں گری تھیں۔