کورونا لاک ڈاؤن پابندیوں کی وجہ سے شادی جلدی کرنی پڑی، عثمان مختار

ویب ڈیسک  جمعرات 1 اپريل 2021
اداکار نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں فوٹوسوشل میڈیا

اداکار نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں فوٹوسوشل میڈیا

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار عثمان مختار شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

ڈراما سیریل ’’انا‘‘، ’’ثبات‘‘ اور فلم ’’جانان‘‘ میں اپنی جاندار اداکاری سے لوگوں کے دلوں میں گھر کرنے والے اداکار عثمان مختار شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

اداکار نے اپنے نکاح کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں۔ تصاویر میں عثمان مختار سفید کرتے پاجامے میں ملبوس نظر آئے جب کہ ان کی اہلیہ زنیرہ انعام خان ٹی پنک کلر کے لہنگے میں نہایت حسین لگ رہی تھیں۔

شادی میں کورونا ایس او پیز کا بھی خیال رکھا گیا تھا۔ دلہا اور دلہن سمیت نکاح خواں اور دیگر مہمان ماسک پہنے ہوئے نظر آئے۔

عثمان مختار نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی اہلیہ کے لیے انتہائی خوبصورت کلمات لکھے ’’زنیرہ انعام خان مجھے اس زمین کا سب سے خوش نصیب آدمی بنانے کے لیے آپ کا شکریہ۔ میں نے طویل عرصے سے اتنی خوشی محسوس نہیں کی۔ تم میرے ساتھ ان لمحات میں کھڑی رہیں جب میں پریشان تھا۔ تم میری چٹان میرا سہارا بنیں اور خوشی کے لمحات کو تیز کردیا میں بہت خوش نصیب ہوں۔‘‘

اسی پوسٹ میں عثمان مختار نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’ڈیئر ورلڈ آج میں نے سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے ایک چھوٹی سی محفل میں ایک حیرت انگیز خاتون سے شادی کی ہے۔ ہماری شادی 2 اپریل کو طے تھی لیکن یکم اپریل سے لاک ڈاؤن پابندیوں کی وجہ سے ہمیں شادی جلدی کرنی پڑی۔ ہم نے اپنے ٹیسٹ کروائے اور تمام ایس او پیز کو بھی فالو کیا۔ ہم دونوں کو آپ کی دعا اور نیک تمناؤں کی ضرورت ہے۔‘‘

اداکار عثمان مختار کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہی تیزی سے وائرل ہوگئیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ لوگ ان کی بیوی زنیرہ انعام خان کو معروف اداکارہ کبریٰ خان سے مشابہت کی وجہ سے کبریٰ خان کی بہن قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عثمان مختار کی اہلیہ زنیرہ انعام خان نے یونیورسٹی آف ویسٹرن سڈنی سے انٹرنیشنل قانون اور انٹرنیشنل ریلیشنز میں ڈبل ماسٹرز کیا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ وہ انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز میں ایسوسی ایٹ ریسرچ اینالسٹ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔