جاگیردارنہ نظام کیخلاف درخواست کی سماعت لارجر بینچ تشکیل

چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمات کی سماعت کیلیے7 بینچ بنا دیے


Numainda Express January 11, 2014
3 رکنی بینچ بلوچستان میں دہشتگردی اور لاپتہ افراد کے معاملے پرسماعت کرے گا۔ فوٹو: فائل

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے زمین کی ملکیت کی حد مقررکرنے اور جاگیردارنہ نظام کے خاتمے کیلیے دائرآئینی درخواست کی سماعت کیلیے9 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیدیا ۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی،جسٹس ناصر الملک،جسٹس جواد ایس خواجہ، جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس سرمد جلال عثمانی، جسٹس امیر ہانی مسلم،جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل بینچ جمعرات کو ورکرز پارٹی کی طرف سے دائراس آئینی پٹیشن پر سماعت کریگا۔ درخواست میں زمین کے اصلاحات کے قانون کوکالعدم کیے جانے کے فیصلے کے از سر نوجائزہ لینے کی استدعا کی گئی ہے۔

 photo 3_zpscf4b0fe3.jpg

دریں اثنا چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمات کی سماعت کے لیے7 بینچ تشکیل دیے ہیں۔ ایک لارجر،4 فل اور 2 ڈویژن بینچ اگلے پیرسے جمعے تک مقدمات سنیں گے۔جسٹس جواد ایس خوجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ لاپتہ افراد کے علاوہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور پرویزاشرف کے دور میں غیر قانونی طور پر سیکڑون سی این جی اسٹیشن کے لائسنس جاری کرنے کا مقدمہ سنے گا۔جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ بلوچستان میں دہشت گردی،اغوا برائے تاوان اور لاپتہ افراد کے معاملے پر سماعت کرے گا۔