گلوکارہ میشا شفیع کو بڑا ریلیف مل گیا

سیشن کورٹ نے ضلع کچہری میں سیکیورٹی بونڈز جمع کروانے سے روک دیا


ویب ڈیسک April 09, 2021
عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا فوٹوفائل

سیشن کورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کےعدالت پیش ہونے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔

سیشن کورٹ میں گلوکارہ میشا شفیع کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے میشا شفیع کی اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت سیشن کورٹ نے گلوکارہ کو ضلع کچہری میں سیکیورٹی بونڈز جمع کروانے سے روک دیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور میشا شفیع کی اپیل پر فیصلہ ہونے تک طلبی کو کالعدم قرار دیا۔

واضح رہے کہ میشا شفیع نے ضلع کچہری میں طلبی کو سیشن کورٹ میں چیلنج کررکھا تھا۔ میشا شفیع کا کہنا تھا کہ اپنے خاوند اور بچوں کے ہمراہ کینیڈا میں مقیم ہوں، علی ظفر کی مدعیت میں ایف آئی اے نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا، کورونا کی وجہ سے کینیڈین حکومت نے ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے، لہذا ابھی پاکستان آنا ممکن نہیں ہے، تاہم ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہوں، سیشن کورٹ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کی اجازت دے۔

اس کے علاوہ میشا شفیع کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت ضلع کچہری کی جانب سے ایک لاکھ کے سیکیورٹی بونڈز جمع کرانے کے حکم کو کالعدم قرار دے۔