انگلش ٹیم ون ڈے میں کامیابی سے ایشز ناکامی کا بوجھ کم کرنے کی خواہاں

محدود اوورز کے چند اسپیشلسٹ کھلاڑیوں نے انگلینڈ ٹیم جوائن کرلی ہے جس کی وجہ سے وہ نئے آغاز کیلیے تیار ہیں۔


Sports Desk January 12, 2014
آسٹریلیا اس سیریز کو آئندہ برس اپنے ہوم گراؤنڈز پر شیڈول ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، فوٹو: فائل

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میلبورن میں اتوار کو کھیلا جارہا ہے، مہمان ٹیم ایک روزہ مقابلوں میں کامیابی سے ایشز ناکامی کا بوجھ کم کرنے کی خواہاں ہے۔

محدود اوورز کے چند اسپیشلسٹ کھلاڑیوں نے انگلینڈ ٹیم جوائن کرلی ہے جس کی وجہ سے وہ نئے آغاز کے لئے تیار ہیں، مڈل آرڈر میں روی بوپارہ، ایون مورگن اور جوز بٹلر موجود ہوں گے، اسٹورٹ براڈ کو پہلے اور دوسرے ون ڈے میں آرام دیا گیا،اس لیے کرس جورڈن یا کرس ووکس میں سے کسی ایک کو الیون میں شامل ہونے کا موقع میسر آسکتا ہے،

دوسری جانب آسٹریلیا اس سیریز کو آئندہ برس اپنے ہوم گراؤنڈز پر شیڈول ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس میں ان کھلاڑیوں کو زیادہ موقع دیا جائے گا جو میگا ایونٹ پلان کا حصہ ہیں۔ جیمز پیٹنسن کو انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے تھوڑا مزید انتظار کرنا پڑسکتا ہے، شان مارش بھی موجود نہیں ہوںگے۔