توقعات کا کوہ ہمالیہ بابر اعظم سے وابستہ کیا جانے لگا

اسپورٹس ڈیسک  پير 19 اپريل 2021
ٹیم کی ضرورت کے تحت پلیئرز کو ساتھ لے کر چلنے کی اہمیت جان چکے۔ فوٹو؛ فائل

ٹیم کی ضرورت کے تحت پلیئرز کو ساتھ لے کر چلنے کی اہمیت جان چکے۔ فوٹو؛ فائل

 کراچی:  توقعات کا کوہ ہمالیہ بابر اعظم سے وابستہ کیا جانے لگا، سابق کپتان انضمام الحق نے نوجوان بیٹسمین کو راہ میں آنے والے تمام ریکارڈ توڑ دینے کا مشورہ دے دیا، وہ کہتے ہیں کہ کپتان اب اپنے کھیل کے اگلے لیول پر پہنچ چکے، ٹیم کی ضروریات کے تحت کھیلنا جان چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی 4 ٹی 20 میچز کی سیریز میں عمدہ پرفارمنس پیش کی، خاص طور پر انھوں نے چوتھے میچ میں برق رفتار سنچری سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، یہی نہیں بلکہ وہ گذشتہ ہفتے کے دوران آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھی ویرات کوہلی سے نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں، ان کی صلاحیتوں کا جہاں دل کھول کر اعتراف کیا جارہا ہے وہیں ان سے وابستہ توقعات میں بھی بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔

سابق کپتان انضمام الحق کو بھی امید ہے کہ وہ کرکٹ میں نئی بلندیوں کو چھو سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک عظیم پلیئر اور اس میں کسی قسم کا کوئی بھی شک نہیں ہے، جس انداز میں وہ جنوبی افریقہ سے ٹی 20 سیریز کھیلے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اب اگلے لیول کے پلیئر بن چکے ہیں۔

انھیں اب راہ میں آنے والے تمام ریکارڈز کو توڑ دینا چاہیے۔ انضمام کا اپنے یوٹیوب چینل پر کہنا تھا کہ اگر آپ ان کی چوتھے ٹی 20 میں اننگز دیکھیں تو اس میں واضح طور پر ان کے میچور ہونے کا ثبوت ملتا ہے، انھوں نے فخر زمان کے ساتھ شراکت کی، وہ اب کھیل کے اگلے لیول میں داخل ہوچکے جہاں پر انھوں نے مختلف حالات میں ٹیم کی ضرورت کو سمجھنا شروع کردیا اور اپنے ساتھ دوسرے اینڈ پر موجود بیٹسمین کو لے کر آگے بڑھنے کی اہمیت کو سمجھنا شروع کردیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 4 ٹی 20 میچز کی سیریز میں 1-3 سے مات دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔