کسٹمز پریونٹیو نے 44 کروڑ مالیت کی اسمگل شدہ اشیا برآمد کرلیں

رواں ماہ انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت مختلف چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔


Staff Reporter April 20, 2021
رواں ماہ انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت مختلف چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان کسٹمز پریونٹیو نے چھالیہ سگریٹس اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں سمیت 44کروڑ 15 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیابرآمد کرلیں۔

پاکستان کسٹمز پریونٹیو نے رواں ماہ انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت گزشتہ 18 ایام کے دوران مختلف چھاپہ مار کاروائیوں میں چھالیہ سگریٹس اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں سمیت 44کروڑ 15 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیابرآمد کرلی ہیں۔

کسٹمز ہاؤس کراچی میں پیر کوکلکٹر کسٹمز پریونٹیو ثاقف سعید نے دیگر کسٹم حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کسٹمز کی اینٹی اسمگلنگ ٹیم نے موصولہ خفیہ اطلاع پر سائٹ کے علاقے نگینہ اور کرن فوڈز کے گودام اور فیڈرل بی ایریا کے گوداں پر کاروائی کرتے ہوئے 21 کروڑ روپے مالیت کی اسمگل شدہ 174ٹن چھالیہ برآمد کی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران 12 کروڑ روپے مالیت کی 30 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں ہیں جب کہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے 12ٹرانسپورٹ وھیکلز کو بھی ضبط کرلیاگیاہے۔