وکٹوں کے اعتبار سے سری لنکا کی پاکستان پر ریکارڈ فتح

مصباح الیون دبئی میں مسلسل دوسرا ٹیسٹ ہارگئی، مہیلا کا 11واں میچ ایوارڈ


Sports Desk January 13, 2014
سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردنے مین آف دی میچ ٹرافی تھامے ہوئے ،انھوں نے دبئی میں سنچری بنائی۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا نے شاندار کامیابی سے ریکارڈ بک کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا، پاکستان کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کی۔

مصباح الحق الیون کو مسلسل دوسری مرتبہ دبئی میں ٹیسٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا، مہیلا جے وردنے نے گیارہویں مرتبہ مین آف دی میچ کا اعزازحاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، یہ اس کی باہمی طور پرکھیلے جانے والے 45 ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کے حساب سے سب سے بڑی فتح ہے، اس سے قبل دو مواقع پر آئی لینڈرز 8، 8 وکٹوں سے فتح حاصل کرچکے ہیں، 2004 میں سری لنکا نے فیصل آباد میں201 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی تب سے اب تک اس نے پاکستان سے اوے یا پھر نیوٹرل وینیوز پر دو ٹیسٹ ہارے اور پانچ ڈرا کیے ہیں۔ فروری 2009 کے بعد یہ سری لنکا کی ملک سے باہر کھیلے جانے والے 19 ٹیسٹ میچزمیں دوسری فتح ہے، اس دوران اسے9 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 8 ڈرا ہوئے۔ پاکستان کو دبئی میں مسلسل دوسری ٹیسٹ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے، اس سے قبل گذشتہ برس اکتوبر میں جنوبی افریقہ سے اننگز اور 92 رنز سے شکست ہوئی تھی، اس سے قبل گرین کیپس اس وینیوز پر چار میں سے تین ٹیسٹ جیت چکے تھے۔

 photo 3_zps6ea0c6ea.jpg

اب تک اس وینیوز پر کھیلے گئے پانچ میچزمیں سے 4 میں بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے فتح حاصل کی ہے، پہلی اننگز میں یہاں پر فی وکٹ کے حساب سے رنز کی اوسط 19.56 جبکہ اگلی تین اننگز میں یہ 33.91، 35 اور 56.06 ہے۔ سورنگا لکمل نے اس میچ میں 123 رنز کے عوض 6 اور دوسری اننگز میں 78 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں دونوں ہی ان کے بہترین فیگرز ہیں، اس سے قبل انھوں نے ایک میچ میں 4 اور اننگز میں تین سے زائد وکٹیں نہیں لیں تھیں۔ سرفراز احمد نے 74 رنز بنائے جوکہ ذوالقرنین حیدر کی جانب سے انگلینڈ کیخلاف اگست 2010میں بنائے گئے 88 رنز کے بعد کسی پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین کا دوسرا بڑا اسکور ہے، اس دوران پاکستانی وکٹ کیپرز کی اوسط 20.10 رہی ہے جوکہ دنیا کی تمام ٹیموں میں سب سے بری ہے، وہ 45 اننگز میں صرف 4 ففٹیز بناسکے ہیں جبکہ ایک بھی سنچری اسکور نہیں کی، جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپرز کی ایوریج 47.61 ، بنگلہ دیش کی 42.63 اور انگلینڈ کے وکٹ کیپرز کی اس عرصے میں اوسط 38.31 رہی ہے۔