قائداعظم ٹرافی کرکٹ راولپنڈی نے سیالکوٹ کو گھیرلیا

181 رنز کا خسارہ پانے والی ٹیم کے 162 پر 6 آئوٹ، پشاور پر کراچی وائٹس کی مجموعی سبقت 204رنز ہوگئی


Sports Desk January 13, 2014
لاہور شالیمار کیخلاف ملتان کی جدوجہد جاری،کوئٹہ نے دوسری باری میں 257رنز بناکر ایبٹ آباد کوکامیابی کیلیے 285 کا ہدف دے دیا۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی میں سپر ایٹ اور باٹم سکس مرحلے کے دوسرے رائونڈ میچز کے تیسرے دن راولپنڈی نے سیالکوٹ کو گھیرلیا۔

181 رنز کا خسارہ پانے والی ٹیم دوسری کاوش میں 162 پر 6 وکٹیں کھوچکی ہے، راولپنڈی کو ابھی بھی 19رنز کی سبقت حاصل ہے، کراچی بلوز نے 369رنز بناکر اسلام آباد کیخلاف برتری حاصل کی، فخر زمان نے سنچری اسکور کی، پشاور سے میچ میں کراچی وائٹس کی مجموعی سبقت 204 رنز ہوگئی، محمد حسن51رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، تاج ولی کے میچ میں 11 شکار ہوگئے، لاہور شالیمار کیخلاف ملتان کی جدوجہد جاری ہے،ذیشان اشرف نے تھری فیگر اننگز کھیل کر ٹیم کو خسارے سے نکال دیا، کوئٹہ نے دوسری باری میں 257رنز بناکر ایبٹ آباد کوکامیابی کیلیے 285 کا ہدف دے دیا، حیدرآباد کیخلاف فیصل آباد نے پہلی اننگز 7 وکٹ 362 پر ڈیکلیئرڈ کردی، عمران احمداور مقداد حسین کی سنچریاں نمایاں رہیں۔

تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے رائونڈ میچز کے تیسرے دن راولپنڈی نے سیالکوٹ کو گھیرلیا، 181 رنز کا خسارہ پانے والی ٹیم دوسری کاوش میں 162 پر 6 وکٹیں کھوچکی ہے، راولپنڈی کو ابھی بھی 19رنز کی سبقت حاصل ہے، محمد سعید59 اور منصور امجدکے 42 رنزٹیم کی مشکلات کم کرنے کیلیے ناکافی ثابت ہوئے ہیں، حسیب اعظم اور ناصر ملک نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔کراچی بلوز نے فخر زمان کی سنچری سے تقویت پاتے ہوئے جوابی اننگز میں 369رنز بناکر 2 رنز کی سبقت لے لی، فخر نے22 چوکوں اورایک سکسرکی مدد سے 126رنز اپنے نام جوڑے، بابرآغا اور جاوید منصور نے یکساں طور پر 69،69کی اننگز کھیلیں، یاسر حسین 48 پر ناٹ آئوٹ رہے، شہزاد اعظم نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی اپنی مہارت دکھاتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، عماد وسیم نے بھی 4 وکٹیں لیں، اسلام آباد نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان28رنز بناکر26رنز کی سبقت حاصل کرلی۔

 photo 7_zpsaab09411.jpg

پشاور سے میچ میں کراچی وائٹس نے دوسری باری میں 8 وکٹ پر173رنز بناکر مجموعی سبقت کو 204 تک پہنچادیا، محمد حسن 51رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، محمد وقاص31، امیت روی29 اور بابر رحمان27رنز بناکر نمایاں رہے، پہلی باری میں چھ کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگانے والے تاج ولی نے اس مرتبہ بھی 74رنز دیکر5 وکٹیں اپنے نام کرلیں، میچ میں ان کے شکاروں کی تعداد اب تک 11 ہوگئی ہے۔لاہور شالیمار کیخلاف ملتان کی جدوجہد جاری ہے، 162 رنز کا خسارہ ملنے پر ٹیم نے تین وکٹ پر255 رنز بناکر93 رنزکی برتری لے لی ہے، ذیشان اشرف نے 112کی اننگز کھیل کر ٹیم کوخسارے سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا، عثمان لیاقت 69رنز بناکر پویلین واپس ہوئے،کاشف نوید37 پر ناٹ آئوٹ ہیں۔

باٹم سکس مرحلے میںکوئٹہ نے دوسری باری میں 257رنز بناکر ایبٹ آباد کوکامیابی کیلیے 285 کا ہدف دے دیا، عمر قاسم51، تیمور خان42، بدرعلی41 اور عطاالرحمان 30رنز بنانے میں کامیاب رہے، عزیز الرحمان نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ فضل ربی نے 3 پلیئرز کو پویلین واپس کیا، حریف ٹیم نے ایک اوور کے ممکنہ کھیل میں بغیر کسی نقصان 4رنز بنالیے۔سرگودھا میں فیصل آباد نے پہلی اننگز 7 وکٹ 362 پر ڈیکلیئرڈ کردی، عمران احمد 110رنز بناکر میدان بدر ہوئے جبکہ ایم مقداد حسین100رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، فرحان ایوب نے 3 کھلاڑیوں کو قابو کیا، حیدرآباد نے جوابی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 34رنز بنالیے۔