اے این پی حکومت نے5سال صرف لوٹ مار کی نسیم ولی

طالبان اور حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، عمران کو اچھا سیاستدان بننے میں وقت لگے گا


INP January 14, 2014
پارٹی کی تباہی میں اے این پی دور حکومت کے سارے لوگ برابر کے شریک ہیں۔ فوٹو: فائل

باچاخان عوامی پارٹی کی مرکزی رہنمابیگم نسیم ولی خان نے کہاہے کہ طالبان پاکستان، نہ آئین پاکستان کو تسلیم کرتے ہیں، مرنے والا اور مارنے والا دونوں ہم وطن ہیں، دہشت گردی کا ناسور ختم کرنا کسی ایک پارٹی کی بس کی بات نہیں۔

پرویز مشرف نے ملک کا بیڑا عرق کرکے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا ہے، اسفندیار ولی خان کو بیٹا سمجھتی ہوں لیکن اس نے مجھے کبھی ماں کا درجہ نہیں دیا۔ پیر کو یہاں ولی باغ چارسدہ میں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کا 5 سالہ دور حکومت لوٹ مار اور اقربا پروری پر مبنی تھا جس کے بدترین نتائج 11مئی کے انتخابات میں سامنے آئے، پارٹی کی تباہی میں اے این پی دور حکومت کے سارے لوگ برابر کے شریک ہیں۔



انھوں نے کہا کہ اعظم ہوتی اور امیر حیدر خان ہوتی نے باچاخان اورولی خان کی سیاست کا کوئی خیال نہ رکھا جبکہ مجھے اے این پی سے نکالنے میں اسفندیار ولی خان اور ان لوگوں نے بھر پور کردار ادا کیا تھا، جب تک افغانستان میں امن نہیں ہوتا پاکستان میں امن کا قیام دیوانے کا خواب ہے۔ انھوں نے کہا کہ بے شک عمران خان ایک اچھے کرکٹر تھے مگر اچھے سیاست دان بننے کیلیے ان کو کافی وقت درکار ہے۔ انھوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو ایک اچھی سیاست دان تھی لیکن ان کا بیٹا بلاول بھٹو، بے نظیر بھٹو کی سیاست کیلیے مہلک ثابت ہو گاکیونکہ وہ ابھی سیاسی طورپر نا بالغ ہے۔