كوہستان 2 ٹريفك حادثات ميں11افراد جاں بحق

لوئر كوہستان ميں سوات سے ميت لے کر اپر كوہستان جانے والی ايمبولنس پہاڑی سے كھائی ميں جا گری


ویب ڈیسک May 05, 2021
حادثہ شاہراہ قراقرم پر لوئر كوہستان كے علاقے كيرو چوكی كے قريب پيش آيا۔ (فوٹو:فائل)

كوہستان ميں دو مختلف ٹريفك حادثات ميں 11 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، رسيكيو 1122 كي ٹيموں، مقامی لوگوں اور پوليس اہلكاروں نے لاشوں کا کھائی سے نکال لیا۔

تفصيلات كے مطابق لوئر كوہستان ميں سوات سے ميت لے کر اپر كوہستان جانے والی ايمبولنس پہاڑی سے كھائی ميں جا گری، حادثہ شاہراہ قراقرم پر لوئر كوہستان كے علاقے كيرو چوكی كے قريب پيش آيا۔ حادثے کے نتیجے میں ڈرائيور سميت 8 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں ميں ڈرائيور عمير، خوش خان ولد توقلی، خان بہادر ولد گل بر حاجی، فردوس ولد ذول خان، بہادر ولد حدا، زوجہ بہادر، نورالحق ولد بہادر، دختر نورالحق اور نورالحق كا بيٹا شامل ہيں، تمام متوفين كا تعلق اسگل ضلع اپر كوہستان سے ہے۔

دوسرے واقعہ ميں كيال لوئر كوہستان سے نان كسٹم پيڈ موٹر كار جاچل كے قريب كولئی زانگو كے قريب شاہراہ قراقرم سے نيچے كھائی ميں جا گری، جس كے نتيجے ميں تين افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں ميں شمس الرحمن ولد عبدالحميد سكنہ كيال پٹن، غلام رسول ولد بخت مند سكنہ كيال اور عبداللہ ولد سردار سكنہ كيال شامل ہيں۔ تمام ميتوں كو ضروری کارروائی کے بعد ورثاكے حوالہ كر ديا گیا۔