سعودی شاہ سلمان کی ترک صدرسے بات چیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

سعودی ولی عہد کے سخت ترین ناقد جلاوطن صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان روابط سخت ہوگئے تھے


ویب ڈیسک May 06, 2021
دونوں کے درمیان ایک ماہ کے دوران دوسری بار فون کال پر تعلقات کی بہتری کے لیے گفتگو کی گئی۔

سعودی شاہ سلمان سے ترک صدرکی فون کال پربات چیت ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیزسے ترک صدر رجب طیب ایردوان کی ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سب سے پہلے ترک صدرنے شاہ سلمان بن عبدالعزیزکوعید الفطرکی پیشگی مبارک باد پیش کی۔ دونوں کے درمیان ایک ماہ کے دوران دوسری بارفون کال پرتعلقات کی بہتری کے لیے گفتگو کی گئی۔

ترکی کی جانب سے ملاقات کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کو متاثر کرنے والے امورسے متعلق بات چیت کی اورتعاون کو آگے بڑھانے کے لئے اقدامات پرغوربھی کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سعودی عدالت نے جمال خاشقجی قتل میں ملوث 5 افراد کو سزائے موت سنادی

ترک صدر کے ترجمان نے بھی اس سے قبل کہا تھا کہ ہم سعودی عرب سے تعلقات کو زیادہ مثبت ایجنڈے کے ساتھ بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کے سخت ترین ناقد جلاوطن صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر2018 کو ترکی کے شہراستنبول میں سعودی قونصل خانے گئے تھے اور پھر واپس نہیں لوٹے تھے، خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ انہیں قونصل خانے میں ہی قتل کر دیا گیا ہے جس کی بعد میں تصدیق بھی ہوگئی تھی۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان روابط سخت ہوگئے تھے۔