فلسطین کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے وزیر خارجہ سفارتی مشن پر ترکی روانہ

شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف آواز اٹھائیں گے


ویب ڈیسک May 18, 2021
شاہ محمود قریشی وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ترکی روانہ ہوئے ہیں فوٹوفائل

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے سفارتی مشن پر ترکی روانہ ہوگئے۔

شاہ محمود قریشی سوڈان، فلسطین اور ترک وزرائے خارجہ کے ہمراہ ترکی سے نیویارک جائیں گے جہاں وہ فلسطین کی صورتحال کے بارے میں مختلف اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کے ساتھ مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔