سعودی حکومت کا غیرملکی افراد کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ
18 سے کم عمر اور 60 سال سے زائد العمر افراد کو اجازت نہیں دی جائے گی، علامہ طاہر اشرفی
سعودی عرب نے غیر ملکی افراد کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 60 ہزار غیرملکی رواں سال حج کرسکیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے رواں سال غیرملکی افراد کو بھی حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور طے کیا ہےکہ کم ازکم 60 ہزار غیرملکی باشندوں کو حج کی اجازت دی جائے۔
اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے ایکسپریس نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ 18 سال سے 60 سال کی عمر کے افراد کو حج کی اجازت دی جاسکے گی تاہم 18 سے کم اور 60 سال سے زائد العمر افراد کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج کے موقع پر تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہوگا صرف صحت مند افراد ہی حج کرسکیں گے، کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ اور ویکسین کے سرٹیفکیٹ جیسی شرائط بھی لاگو ہوں گی۔