ورلڈ کپ کوالیفائرز ایک اورشکست کینیا کا مقدر بن گئی

نمیبیا نے2 وکٹ سے زیرکرلیا، ہانگ کانگ نے کینیڈا کو 9 وکٹ سے ٹھکانے لگادیا


Sports Desk January 18, 2014
اسٹیو ٹکولو47 اور کپتان راکیب پٹیل 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فوٹو:فائل

ورلڈ کپ 2015 کوالیفائرز میں ایک اور شکست کینیا کا مقدر بن گئی، نمبیبا نے 2 وکٹ سے زیر کرتے ہوئے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی، ہانگ کانگ نے کینیڈا کو9 وکٹ سے ٹھکانے لگایا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں جاری ایونٹ میں نمیبیا کیخلاف کینین ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 186 رنز تک ہی پہنچ سکی، اسٹیو ٹکولو47 اور کپتان راکیب پٹیل 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جے جے اسمٹ نے 3 جبکہ کلازینگا اور ویلجوئن نے 2,2 پلیئرز کو پویلین بھیجا۔ فاتح سائیڈ نے ہدف 7 گیندوں قبل 8 وکٹ پر حاصل کرلیا، ایک موقع پر نمیبیا کی 7 وکٹیں147 پر گر گئیں اور اسے فتح کیلیے مزید 43 رنز کی ضرورت تھی، جے جے اسمٹ نے جین کوئٹزے (15)کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کیلیے 29 رنز جوڑے۔

 photo 7_zpsd54c8003.jpg

انھوں نے کلازینگا کے ہمراہ نویں وکٹ کی شراکت میں14رنز بناکر ٹیم کو 7 بالز قبل فتح دلا دی، نوجوان آل رائونڈر نے31 بالز پر ناقابل شکست33 رنز کی اننگز کھیلی، اسٹیو ٹکولو، ورایا اوراونیانگو نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے میچ میں ہانگ کانگ نے کینیڈا کو 9 وکٹ سے ٹھکانے لگایا،اوپنر محمد عرفان نے ناقابل شکست سنچری بنائی، ناکام ٹیم کا سفر 48 اوورز میں 171 پر تمام ہوا،بسٹیام پلائی29 جبکہ رضا الرحمان اور نتیش کمار28,28 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے،حسیب امجد نے 3 جبکہ اعزاز خان اور وقاص برکت نے 2,2 وکٹیں لیں، آسان ہدف کا تعاقب کرنیوالی ہانگ کانگ کی ٹیم 25.2 اوورز میں ایک وکٹ گنوا کر سرخرو ہوگئی، عرفان احمد نے ناقابل شکست100رنز بنائے، کپتان ایٹکنسن 65پرناٹ آئوٹ رہے۔