کراچی میں دہشت گردی کی لہر برقرارمفتی عثمان یار خان سمیت مزید8افراد جاں بحق

2 موٹرسائیکلوں پر سوار4دہشتگردوں نے عوامی مرکز کے قریب جے یوآئی (س)کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل کی گاڑی پرفائرنگ کردی


Staff Reporter January 18, 2014
فائرنگ سے شاہرہ فیصل پر بھگدڑمچ گئی اور دہشتگرد آسانی سے فرارہوگئے۔ فوٹو : محمد نعمان/ ایکسپریس

شہرمیں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں جے یوآئی(س)کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مفتی عثمان یار خان سمیت8افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بہادرآبادکے علاقے شاہراہ فیصل عوامی مرکز کے قریب 2موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے کار پرفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارجمعیت علمائے اسلام (س) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مفتی عثمان یارخان اوران کے ہمراہ موجودڈرائیور محمد رفیق اور طالبعلم محمدعلی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک طالبعلم زاہد اقبال شدید زخمی ہوگیا،دہشت گردوں کی جانب سے شہر کی مصروف ترین شاہراہ پراس وقت فائرنگ کی گئی جب وہاں سے گاڑی کادوڑنا محال ہوتااورٹریفک جام رہنا معمول بنا رہتاہے،فائرنگ سے شاہرہ فیصل پر بھگدڑمچ گئی اور دہشتگرد آسانی سے فرارہوگئے۔



جناح اسپتال شعبہ ایمرجنسی کی سربراہ سیمی جمالی نے بتایاکہ 4 افراد کو جناح اسپتال لایا گیاجس میں سے 3افراد اسپتال لائے جانے سے قبل ہی دم توڑچکے تھے جبکہ زخمی کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔مفتی عثمان یار خان کو9 گولیاں ، محمدرفیق کو سر اورہتھیلی پر گولیاں لگی تھیں،ایک روزقبل بہادر آباد تھانے کا چارج سنبھالنے والے ایس ایچ او زاہد حسین نے بتایا کہ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکلوں پر 4 ملزمان کے علاوہ ان کے دیگر ساتھی بھی موجود تھے جو انھیں تحفظ فراہم کر رہے تھے،پولیس کوجائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے16 خول ملے ہیں جنھیں فارنزک لیبارٹری کے لیے روانہ کر دیے ہیں۔پولیس کے مطابق مفتی عثمان جامعہ دارالخیرکے نائب مہتمم بھی تھے اور ان کے والداسفند یار خان مدرسے کے مہتمم اوراہلسنت سواداعظم کے مرکزی امیرہیں ، زخمی ہونے والا زاہد اقبال مدرسے کا طالبعلم بھی ہے اوروہ مفتی عثمان کاخادم بھی ہے تمام افراد گلستان جوہربلاک 15 میں واقع جامعہ دارالخیراوراس کے اطراف کے رہائش ہیں،مقتول مفتی عثمان یارخان پارٹی کے ایک اجلاس میں شرکت کے بعد صدر سے اپنے گھر گلستان جوہر جارہے تھے کہ انھیں راستے میں دہشتگردی کا نشانہ بنایاگیا،مفتی عثمان 9 بچوں کے باپ تھے ۔



مفتی عثمان یار خان سمیت 3 افرادکے قتل کی اطلاع ملتے ہی گلستان جوہراورسفاری پارک سمیت ملحقہ علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی اور مشتعل افراد نے احتجا ج کرتے ہوئے سڑک کو کر دیا اس موقع پر نامعلوم افراد کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا گیا،جس میں نصف درجن سے زائد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ علاقے میں دکانیں و کاروبار بند ہوگیا۔اہلسنت والجماعت کے ترجمان نے دہشتگردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیا۔پیرآباد کے علاقے قصبہ کالونی اسلامیہ کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ نعیم عرف بردہ ہلاک ہوگیا۔پیر آباد ہی کے اسی علاقے اسلامیہ کالونی قصبہ کالونی نمبر ڈھائی میں فائرنگ کے دوسرے واقعے میں 32 سالہ محمد علی ہلاک ہوگیا، مقتول نے 2 شادیاں کی تھیں اور اس حوالے سے اس کا تنازع بھی چل رہا تھا۔ایف بی صنعتی ایریا تھانے کی حدودایف بی ایریا بلاک 22 میں نامعلوم ملزما ن نے موٹر سائیکل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت 42 سالہ غلام اکبرکے نام سے ہوئی۔فیڈرل بی ایریا بلاک 9 میں نامعلوم ملزمان نے الحمرا پارک کے قریب کار پرفائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں28سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا۔چاکیواڑہ کے علاقے بہارکالونی ٹینری روڈفینسی بیکری کے قریب سے48سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی،نامعلوم ملزمان نے مقتول کواغواکے بعدبدترین تشدد کانشانہ بناکرمذکورہ مقام پرلائے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا،مقتول کی شناخت شفیع محمدکے نام سے ہوئی جوکہ حب چوکی کا رہائشی اوربہار کالونی میں دستانے بنانے والی فیکٹری میں ملازمت کرتاتھا۔

مقبول خبریں