علم خاص طبقے تک محدود ہو رہا ہے ہم تعلیمی انقلاب برپا کرینگےنواز شریف

الیکشن سے پہلے مجھے بھی ملک میں کسی جماعت کی واضح اکثریت نظر نہیں آرہی تھی،تیسری بار وزیراعظم بننے پر حیرت ہوئی


Numainda Express January 18, 2014
لاہور:وزیراعظم نوازشریف گورنرچوہدری سرورسے جی سی یوکی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری لے رہے ہیں۔ فوٹو : این این آئی

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ انتخابات سے پہلے مجھے بھی ملک میں کسی ایک جماعت کی واضح اکثریت نظر نہیں آرہی تھی لیکن عوام اور نوجوانوں کے ووٹوں سے کامیاب ہوکر مجھے بھی تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے پر حیرت ہوئی ہے۔

علم خاص طبقے تک محدود ہوتا جارہا ہے،ہم ملک میں تعلیمی انقلاب برپا کرینگے۔ گزشتہ روز جی سی یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم قوم اور نوجوانوں کو مایوس نہیں کرینگے ۔ ماضی میں مراعات یافتہ طبقہ بنکوں سے کروڑوں، اربوں روپے لیکر انہیں معاف کراتا رہا لیکن ہم نے اس کلچر کو بدل دیا ہے اور اب قومی وسائل کا رخ عام آدمی کی طرف موڑنا ہوگا۔ بدقسمتی سے ماضی میں کسی نے عوام اور نوجوانوں پر اعتماد نہیں کیا لیکن ہماری حکومت نوجوانوں پر اعتماد کر رہی ہے، اسی لئے نوجوانوں کیلئے 100 ارب روپے سے یوتھ لون پروگرام شروع کیا ہے جس میں خواتین کا بھی 50 فیصد حصہ ہے۔ میرا دل چاہتا ہے ایک لاکھ نہیں5لاکھ نوجوانوں کو لون پروگرام سے قرض دیا جائے اور انشااللہ ہر سال ایک لاکھ کا اضافہ ہو گا اور ہم اسے 10لاکھ تک لیکر جائیں گے۔ نوجوان یہ مت سوچیں کہ ڈگری لینے کے بعد نوکری ہی کرنی ہے۔ اب نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بعد نوکریوں کیلئے لوگوں کے در پر حاضری نہیں دینا پڑیگی۔ وہ لون پروگرام سے اپنا سکول بنانے سمیت دیگر منصوبے شروع کرسکتے ہیں۔ جی سی یونیورسٹی سے صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلی، گورنر، جج، جرنیل اور پارلیمنٹیرین بنے۔



مجھے فخر ہے کہ میں بھی اس تعلیمی ادارے سے پڑھا اور تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کا منفرد اعزاز حاصل کیا ہے جس میں میرا کوئی کمال نہیں بلکہ یہ نوجوانوں اور عوام کا مجھ پر اعتماد ہے۔ یہاں سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری ملنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیئے۔ ہم ایک ایسی قوم تیار کرنا چاہتے ہیں جو ملک کی مضبوطی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور مجھے خوشی ہے کہ نوجوانوں سمیت پوری قوم کا کل آج کے مقابلے میں بہتر ہو رہا ہے۔ پاکستان میں ہمیشہ مراعات یافتہ طبقات کے بچوں نے ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہونا چاہیئے بلکہ تعلیم سب کیلئے برابر ہو اور ہم ملک کے تمام بچوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کو یقینی بنائیں گے۔ علم خاص طبقے تک محدود ہوتا جارہا ہے، مراعات یافتہ طبقے کیلئے ہر دروازہ کھل جاتا ہے جبکہ غریب آدمی ہر جگہ محتاج نظر آرہا ہے یہ غیر فطری ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وائس چانسلر ڈاکٹر خلیق الرحمان، ڈاکٹر اسلام اللہ خان، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

مقبول خبریں