کراچی میں گینگ وارفائرنگ اورتشددجاریمزید10ہلاک

عذیراورلاڈلاکے کارندوں نے لیاری کومیدان جنگ بنادیا،تھانے پرحملہ،4ہلاک،درجنوں زخمی


Staff Reporter January 19, 2014
بلوچ کالونی،لیاقت آباد،ڈیفنس میں3افرادنشانہ ننے،ایک شخص کی لاش ملی،2زخمی چل بسے ۔ فوٹو: فائل

کراچی میں گینگ وار، فائرنگ اورپرتشددواقعات کے دوران مزید10افرادہلاک ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وارکے نورمحمدعرف بابالاڈلہ اورعذیرگروپ کے کارندوں نے لیاری کے علاقوں موسیٰ لین، کھڈا مارکیٹ، مندرہ پاڑہ،سنگھارپاڑہ میں بالادستی قائم کرنے کیلیے شدیدفائرنگ اوردستی بموں سے حملے کیے،اس دوران جاویدکپی گروپ نے سجادکھتری گروپ کے4سے زائد کارندوں کوزخمی کردیا۔

جن میں سے2کارندے ہلاک ہوگئے۔ واقعے کے بعددونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ، دستی بموں اورآوان گولوں سے حملے شروع ہوگئے اورپورا علاقہ گونج اٹھا،پولیس او رینجرزخاموش تماشائی بنی رہی،مچھی میانی قبرستان کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے55سالہ ڈاکٹر خان ،کلری میں32سالہ فرحان زخمی ہوگئے۔بغدادی میں فائرنگ کے 2واقعات میں2افراد35سالہ گل نذیر اور 18سالہ واجداقبال زخمی ہو گئے۔بعدازاں تصادم گلستا ن کالونی،کوئلہ گودام،سنگولین،جمن شاہ پلاٹ،غریب شاہ روڈ،لی مارکیٹ،چیل چوک ،جھٹ پٹ مارکیٹ اور نیازی چوک تک پھیل گیا،علاقہ مکین مساجدسے اعلان کرکے پولیس اوررینجرز سے مدد طلب کرتے رہے لیکن تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔گینگ وار کے کارندوں کے حوصلے اس قدربڑھ گئے انھوں نے بغدادی تھانے پردھاوا بول دیا،پولیس تھانے میں ہی محصورہوگئی،علاقہ مکین کھانے پینے کی اشیااورشیرخواربچے دودھ تک سے محروم ہوگئے۔

بغدادی تھانے پرجب فائرنگ ہوئی توفائرنگ اوردستی بم حملوں کی زد میں آکر 30سالہ عظمی ہلاک ہوگئی، لیمارکیٹ اعظم ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35سالہ ڈاکٹربشک خان ہلاک ہوگیاجبکہ اقبال جمال، عبدالستار، عبدالقادر، جوزف ، عبدالصمد اور حبیب بیکری کے قریب زینب زوجہ فقیرمحمدزخمی ہوگئی۔رات گئے ذرائع کاکہناتھاکہ لیاری گینگ وارکے کارندے راجاپٹھان اس کے2 کارندے مجیداورمندرہ کوحراست میں لے کرنامعلوم مقام پرمنتقل کردیاگیاان کے قبضے سے اسلحہ اوردستی بم برآمدہوا۔رینجرز اور پولیس نے کھڈامارکیٹ سے لیاری گینگ وارکے 6مسلح کارندوں کوحراست میں لینے کا دعویٰ کیاہے تاہم پولیس اور رینجرز راجاپٹھان اور اس کے 2کارندوں کوحراست میں لینے سے لاعلمی ظاہرکررہی ہے،ذرائع کے مطابق راجاپٹھان پر 30لاکھ روپے انعام ہے،رات گئے تک فائرنگ اوردستی بم حملوں کاسلسلہ جاری رہا،بغدادی کے علاقے میں دستی بم حملے سے زخمی ہونے والے ظفراقبال کوتشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیاگیا۔بلوچ کالونی پل کے قریب موٹرسائیکل سوار2ملزمان نے کارپرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میںکارسوار 35سالہ شعیب اقبال ہلاک ہوگیا،مقتول شعیب اپنے والداور کمسن بیٹے کے ساتھ شادی میں جانے کیلیے نکلا تھا،مقتول کراچی ایڈمنسٹریشن کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کارہائشی تھا اورایک کمپنی کامالک تھا ۔



لیاقت آبادسی ون ایریاڈبل روڈمصطفیٰ چوک کے قریب گھرکادروازہ کھٹکھٹا نے پرباہر آنے والی خاتون کوموٹر سائیکل پرسوار2 مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور فرار ہو گئے،ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت35 سالہ عارفہ کے نام سے ہوئی ہے ،مقتولہ غیر شادی شدہ ہے جبکہ خاتون کے5 بھائی ہیں جوشادی شدہ ہیں۔ڈیفنس فیز2سرکلرایونیو16سائوتھ اسٹریٹ میں واقعے بنگلہ نمبر71/Aمیں 3مسلح ڈاکوڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے اورڈاکوئوں نے بنگلے کے چوکیدار 45سالہ عبدالمجیدکوبدترین تشددکانشانہ بنایاجس سے وہ ہلاک ہو گیا۔ڈیفنس پولیس کاکہناہے کہ جس بنگلے میں ڈکیتی کاواقعہ پیش آیاوہ بنگلہ ممتاز حسین رضوی کی ملکیت ہے۔چاکیواڑہ عثمان پارک کے قریب واقعے کمرے سے متصل پانی کے ٹینک سے کئی روزپرانی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔وجہ موت کاتعین نہیں کیاجاسکا۔

جمعے کورضویہ کاظمین امام بارہ کے قریب فائرنگ سے زخمی ہونے والا30 سالہ ضیغم عباس نجی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، مقتول جعفریہ امام کے قریب رہائش پذیر اور 2بچوں کا باپ تھا۔15جنوری کوگلبہار کے علاقے فردوس کالونی میں واقعے نیشنل ٹائلزکے گودام کے قریب کریکردھما کے میں زخمی ہونے والا گودام کامزدور27 سالہ شاہ نواز عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا،وہ گلبہارجعفریہ امام بار گاہ کے قریب رہائش پذیرتھا۔کورنگی صنعتی ایریامیں فائرنگ سے11سالہ ثمرین شدیدزخمی ہوگئی۔عوامی کالونی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں نامعلو م ملزمان کی فائرنگ سے یوسف گھانچی نامی نوجوان زخمی ہوگیا۔پراناحاجی کیمپ کچھی میمن سوسائٹی قبرستان کے قریب فائرنگ سے ڈاکٹرخان زخمی ہوگیا۔کھارادرتھانے کی حدودٹاور کے قریب فائرنگ سے2 افرادسمیع اﷲ اورجاویدزخمی ہوگئے۔

مقبول خبریں