وفاقی حکومت مزدور دشمن پالیسی پر گامزن ہے رضا ربانی

پیپلز پارٹی نجکاری پالیسی کیخلاف تمام سیاسی جماعتوں کواکٹھا کریگی،کوٹا سسٹم ختم ہوچکا


Staff Reporter January 19, 2014
آئین کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہر90 دن میں ایک بار لازم ہونا چاہیے۔فوٹو:آن لائن

پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت مزدور دشمن پالیسی پرگامزن ہے۔

پیپلزپارٹی موجودہ حکومت کی اہم اداروں کی نجکاری کی پالیسی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کواکٹھاکرے گی،پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں اسٹیل مل کے لیے بیل آئوٹ پیکیج جاری نہ کرکے غلطی کی تھی،کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کو واپس لینے کا پیپلزپارٹی کی حکومت میں بھی مطالبہ کیا جومنظور نہیں ہوا،اہم ملکی سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ آئی ایم ایف کو نہیں مشترکہ مفادات کونسل کو کرنا ہے،وفاقی حکومت ملک میں کوٹے کی آئینی حیثیت کو بحال کرائے،مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس وفاقی حکومت نے نہ بلایا توآئین کے مطابق سندھ حکومت سے مطالبہ کروائیں گے کہ وہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلوائے، موجودہ حکومت اگر اداروں کی نجکاری کرتی ہے تو یہ آئین کی خلاف ورزی اور توہین عدالت ہوگی اگر اداروں کو شفاف طریقے سے چلایا جائے تونجکاری کی ضرورت نہ رہے۔ وہ ہفتے کو کراچی قصرناز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ، وقار مہدی، راشد ربانی، لطیف مغل،شمشاد قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔

 photo 3_zpse93b5c38.jpg

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ آئین کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ہر90 دن میں ایک بار لازم ہونا چاہیے، آخری اجلاس جولائی 2013ء میں طلب کیا گیا تھا،210 دن سے زائد عرصہ گزرچکا ہے جوآئین کی خلاف ورزی ہے،انھوں نے کہا کہ31 اگست 2013ء کو آرٹیکل 27 کے مطابق ملک بھر میں کوٹے کی مدت ختم ہوچکی ہے آج کوٹے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے، رضا ربانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نجکاری کے خلاف ہے کیونکہ دنیا بھر میں جہاں بھی سرکاری اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کیا گیا تو ادارے میں تباہی مچی جس کی مثال کراچی الیکٹرک سپلائی ہے، اسٹیل مل کے معاملے پر بھی حکومت مزدور دشمن پالیسی اپنا رہی ہے، موجودہ حکومت نے لیسکو سے بغیر کسی وجہ کے 500 ملازمین کو فارغ کردیا، رضا ربانی نے ایکسپریس ٹی وی کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد کے قتل پر مذمت کی اور کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آزاد صحافت کیلیے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی،اس موقع پر انھوں نے نواب شاہ میں حادثے کا شکار بچوں اور بوہریوں کے امام برہان الدین ربانی کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔