ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  جمعرات 10 جون 2021
ملتان سلطانز کی جانب سے عمران خان نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں- فوٹو: پی ایس ایل

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران خان نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں- فوٹو: پی ایس ایل

ابو ظہبی: پی ایس ایل کے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12 رنز سے شکست دیدی۔ 

ابوظہبی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 16ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 176 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز 7 وکٹ کے نقصان پر 164 رنز ہی بناسکی۔

کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ شرجیل خان 4 رنز پر رن آؤٹ ہوئے اور مارٹن گپٹل 16 گیندوں پر صرف 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ نجیب اللہ زردان بھی 11 ہی رنز بناسکے۔

بابراعظم نے چیڈوک والٹن کے ساتھ ملکر 77 رنز کی اہم شراکت قائم کی،  والٹن ایک اوور پہلے 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کراچی کنگز کو جیت کے لیے آخری اوور میں 23 رنز درکار تھے تاہم عمران خان آخری اوور میں 3 وکٹیں لے اڑے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1403028762917314563

بابراعظم آخر تک وکٹ پر موجود رہے، وہ 63 گیندوں پر 85 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمران خان نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملطان سلطانز کی جانب رحمان اللہ اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم رحمان اللہ پہلے ہی اوور میں عماد وسیم کو وکٹ دے بیٹھے وہ صرف 3 رنز ہی بناسکے۔

صہیب مقصود نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی اور ریلی روسوو بھی 24 گیندوں پر 44 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان رضوان 29 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ خوشدل شاہ نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 44 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے تھیسارا پریرا نے 2، عماد وسیم اور وقاص مقصود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔