فواد چوہدری نے کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جس کی کرائے کی ترجمانی نہ کی ہو، پیپلزپارٹی

ویب ڈیسک  اتوار 13 جون 2021
 فواد چوہدری سندھ کی نگرانی کے خواب دیکھنا بند کریں، رہنما پیپلزپارٹی ۔ فوٹو:فائل

فواد چوہدری سندھ کی نگرانی کے خواب دیکھنا بند کریں، رہنما پیپلزپارٹی ۔ فوٹو:فائل

کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ملک کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جس کی کرائے کی ترجمانی نہ کی ہو۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مُرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جو ملک اور عوام کی حالت کی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، آپ کی نااہل حکومت نے حقیقت میں عوام کی چینخیں نکلوا دی ہیں، اور یہ نااہل حکومت جھوٹ اور یوٹرن کے سہارے کھڑی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ  ہم نے ملک اور جمہوریت کے لئے اپنی قیادت کی قربانیاں دیں، فواد چوہدری حب الوطنی کا درس کسی اور کو دیں، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خلاف بات کرکے آپ کی نوکری پکی نہیں ہونی، ان کو لوٹائے اعظم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، انہوں نے ملک کی کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جس کی کرائے کی ترجمانی نہ کی ہو۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ کے لئے سلیکٹیڈ حکومت کی منافقانہ اور غیر منصفانہ پالیسیاں یہاں کی عوام اچھی طرح جانتے ہیں، سندھ کا پانی کسی اور نے نہیں وفاق اور پنجاب نے روکا، بدین، ٹھٹھہ، عمر کوٹ، جامشورو، گھارو اور دیگر علاقوں کی زمینیں آپ نے بنجر کیں، لاکھوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں آپکی نااہل حکومت کی غیر منصفانہ پالیسیوں کی بھینٹ چڑھائی گئیں، نفرت کی سیاست کرکے شیرو بریگیڈ ملکی عوام کو تقسیم کررہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پیپلزپارٹی وزیراعلیٰ کو کٹھ پتلی کےطور پر استعمال کرتی ہے

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری زرداری فیملی کے خلاف بیان بازی کرکے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی کوشش اور نوکری پکی کر رہے ہیں، فواد چوہدری سندھ حکومت سے این ایف سی کے تحت دیئے گئے فنڈز کا حساب لینے کا حق نہیں رکھتے، یہ حق صرف سندھ اسمبلی کو ہے کہ وہ سندھ حکومت سے پائی پائی کا حساب لے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ مراد علی شاہ ایک انتہائی کامیاب اور طاقتور وزیراعلیٰ ہیں، اور ان کی صلاحتیوں سے وفاق نہ صرف پریشان ہے بلکہ خوف زدہ ہے، وفاق ان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے ہمیں سب معلوم ہے۔ وفاقی وزیر شاید ربڑ اسٹیمپ اپنے سلیکٹڈ وزیراعظم کو کہہ رہے تھے، فواد چودھری پنجاب کا وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف سازشیں کرتے رہتے ہیں، فواد چوہدری سندھ کی نگرانی کے خواب دیکھنا بند کریں اور وفاقی حکومت نے جو غیرقانونی فنڈز اپنے سندھ کے ایم پی ایز کو دیئے ہیں ان کا حساب دیں، وفاق اب براہ راست اپنے ایم پی ایز کے ذریعے یونین کونسل میں کام کروا کر کرپشن کر رہی ہے، اس کرپشن کا حساب سے وفاقی حکومت کو دینا ہوگا۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب نے غیرقانونی طور پر چشمہ جہلم کینال کھول کر سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالا، فواد چوہدری چشمہ جہلم کینال کھولنے کا جواب دیں، پانی کی نگرانی کرنا اور منصفانہ تقسیم کرنا ارسا کا کام ہے لیکن وفاقی حکومت نے ارسا کو یرغمال بنا رکھا ہے، وفاقی حکومت ارسا کو کام کرنے دے اور ان کے معاملات میں ٹانگ اڑانا بند کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔