کراچی میں بغیر ویکسینیشن کورونا سرٹیفکیٹ جاری کردیے گئے، ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  پير 14 جون 2021
مراد علی شاہ کی متعلقہ شخص کے خلاف آئی جی پولیس اور وزارت داخلہ کو سخت کارروائی کرنے کی ہدایت

مراد علی شاہ کی متعلقہ شخص کے خلاف آئی جی پولیس اور وزارت داخلہ کو سخت کارروائی کرنے کی ہدایت

 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں بغیر ویکسین کورونا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی خبر کا نوٹس لے لیا۔ جس کے بعد عزیز بھٹی پولیس نے جعلی سرٹیفیکیٹ فروخت کرنے نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔

سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وبا پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی مجموعی صورت حال اور ویکسینیشن کے عمل سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک تدریسی عمل کل سے شروع کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ نے ایکسپو سینٹر پر بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی خبر کا نوٹس لیا، انہوں نے متعلقہ شخص کے خلاف آئی جی پولیس اور وزارت داخلہ کو سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہم کورونا کے خلاف جاری کسی کام میں کوئی کرپشن یا نااہلی برداشت نہیں کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی ہدایت دی کہ اب ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہش مند افراد کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار دیں۔

دریں اثناعزیز بھٹی پولیس نے کورونا ویکسین کا جعلی سرٹیفکیٹ فروخت کرنے کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او پرویز سولنگی نے بتایا کہ ایکسپو سینٹر میں قائم کورونا ویکسین سینٹر کی انچارج ڈاکٹر انیلا کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ان کی نشاندہی پر ملزم احصم خان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ملزم کورونا ویکسین سینٹر میں قائم آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کا ملازم اور کنٹریکٹ پر بھرتی کیا ہوا تھا، انھوں نے بتایا کہ ملزم مبینہ طور پر ایسے افراد کو 2 ہزار روپے کے عوض کورونا ویکسین کے جعلی سرٹیفکیٹ فروخت کر رہا تھا جو ویکسین نہیں لگوا رہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم کی عمر 20 سے 22 سال ہے اور وہ ہئیر ڈریسر کے کام سمیت دیگر کام کاج کرتا تھا تاہم اس نے کچھ کمپیوٹر کے کورسز کیے ہوئے تھے جس کی بنیاد پر اسے کنٹریکٹ پر ملازمت دی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کام میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے، تاہم پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہے ہیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔