بہری کتیا اشاروں کی زبان سیکھ کر دوبارہ چوکیداری کرنے لگی

نو سالہ پیگی بھیڑوں کی نگراں تھی لیکن سماعت کھونے کے باوجود اب وہ اشاروں کی زبان جان چکی ہے


ویب ڈیسک June 15, 2021
9 سالہ کتیا پیگی سماعت کھونے کے بعد اب ہاتھوں کے اشاروں کی زبان سے سمجھنے لگی ہے اور دوبارہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہے۔ فوٹو: ڈیلی میل

پیگی نامی کتیا مویشیوں کی نگرانی کا کام کررہی تھی کہ نو برس کی عمر میں اس کی سماعت کھوگئی اور وہ کسی کام کی نہیں رہی۔ تاہم اب اشاروں کی زبان سیکھ کر اپنا کام اچھی طرح ادا کررہی ہے۔

اس کی مالکن کلوای شارٹن اسے ایک مرکز لے گئی جہاں موجود ماہر نے اسے اشاروں کی زبان سکھانے کا تہیہ کرلیا۔ واضح رہے کہ مویشیوں کی دیکھ بھال کرنے والے کتوں کو سیٹی اور آواز سے احکامات دیئے جاتے ہیں۔ اس کے بعد چرواہوں کا کام کرنے والے شوہر اور بیوی نے بھی پیگی کو اشاروں اور جسمانی زبان سیکھنے میں مدد دی۔



سب سے پہلے کتیا کو ہاتھوں کے اشارے سمجھائے گئے جسے وہ پہچاننے لگی ، جب 'بہت اچھا' کے لیے انگوٹھے کا اشارہ کیا جاتا ہے تو وہ بہت خوش ہوتی ہے۔ اس کےبعد وہ دوبارہ چراگاہ میں گئی اور اب ہاتھوں کے اشاروں سے کام کررہی ہے اور مویشیوں کی نگرانی کررہی ہے۔

تاہم اب تک یہ معلوم نہ ہوسکا کہ اس کی سماعت کیسے ختم ہوئی ہے کیونکہ اس کے کان میں کوئی انفیکشن نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی اس سے قبل وہ کسی بیماری کی شکار ہوئی تھی۔