ڈوپلیسی محمد حسنین کے ساتھ اپنی ٹکرکو بھول گئے

سلیم خالق  منگل 15 جون 2021
سر میں تکلیف،نیٹ پریکٹس سے گریز،آج قلندرز سے میچ میں شرکت مشکوک۔ فوٹو: پی ایس ایل

سر میں تکلیف،نیٹ پریکٹس سے گریز،آج قلندرز سے میچ میں شرکت مشکوک۔ فوٹو: پی ایس ایل

 کراچی: فاف ڈوپلیسی محمد حسنین کے ساتھ اپنی ٹکر کو بھول گئے، سر پر چوٹ کے اثرات کی وجہ سے انھیں یہ واقعہ یاد نہ رہا۔

جنوبی افریقی اسٹار فاف ڈوپلیسی پی ایس ایل6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، پشاور زلمی سے میچ میں ساتھی کھلاڑی محمد حسنین سے ٹکرانے کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے تھے،انھوں نے گذشتہ دنوں ایک ٹویٹ میں یادداشت پر اثر پڑنے کا ذکر کیا تھا۔

ذرائع  کے مطابق ڈوپلیسی کو سب کچھ یاد ہے البتہ وہ حسنین کے ساتھ اپنی ٹکر کو بھول گئے ہیں، انھیں یہ یاد ہی نہیں کہ چوٹ کیسے لگی، پیسر کے اسپائکس ڈوپلیسی کے سر پر لگنے سے کٹ بھی پڑا ہے۔

گذشتہ روز انھوں نے تکلیف کی وجہ سے پریکٹس سے گریز کیا، منگل کو لاہور قلندرز سے میچ میں شرکت مشکوک دکھائی دے رہی ہے، ایونٹ میں قلندرز نے 7میں سے 5میچز جیتے ہیں،گلیڈی ایٹرز نے 7میچز میں صرف ایک فتح حاصل کی۔

منگل کو دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن میں بہتری کا خواب لیے میدان میں اتریں گی۔

وہاب ریاض الیون کی کارکردگی میں تسلسل کی کمی نظر آرہی ہے،ٹیم نے 8 میچز میں 4فتوحات حاصل کیں،حیدر علی، کامران اکمل اور شرفین ردر فورڈ کی فارم کسی حد تک بحال ہوگئی۔

ڈیوڈ ملر کو بھی بڑی اننگز کھیلنا ہوگی، پیسرز میں محمد عرفان کو یواے ای کی کنڈیشنز راس آ گئی ہیں،البتہ وہاب ریاض اور عمید آصف مہنگے ثابت ہورہے ہیں،کراچی کنگز کو ٹاپ آرڈر میں بابر اعظم، شرجیل خان اور مارٹن گپٹل کی خدمات حاصل ہیں،نجیب اللہ زدران، چیڈوک والٹن اور تھشارا پریرا بھی چھکے چھڑا سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔