ایکسپریس نیوز کے کارکنوں کی شہادت خصوصی ٹیم تحقیقات کر رہی ہے قائم علی شاہ

سندھ حکومت دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تنہا نہیں،وفاق کاتعاون اورسول سوسائٹی کی طرف سے مکمل حمایت حاصل ہے، قائم علی شاہ


Staff Reporter January 20, 2014
وزیراعلیٰ سندھ کاصدرمیں بوہری کمیونٹی کے مرکزکادورہ،سیدنابرہان الدین کی وفات پربوہرہ برادری سے تعزیت کا اظہارکیا۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے ایکسپریس نیوزکی ٹیم پر حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس واقعے کی تحقیقات ایک خصوصی ٹیم کررہی ہے۔

آئی جی پولیس کوحکم دیاہے جو بھی اس واقعے میں ملوث پایا گیااس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے میں نے ذاتی طور پر ایکسپریس نیوز کے اینکرجاویدچوہدری سے اس واقعے پر تعزیت کی تھی اوران کے ادارے کو انصاف دلوانے کی یقین دہانی کروائی تھی،ایکسپریس نیوزکی جاں بحق کارکنوںکے لواحقین کوفی کس 5لاکھ روپے دیں گے ،پیسہ کبھی بھی انسان کی زندگی کامتبادل نہیں ہوسکتا،یہ رقم ان کی خدمات کوخراج دینے اور خاندان سے ہمدردی کیلیے ایک گرانٹ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اتوارکوصدرمیں بوہری کمیونٹی کے مرکزکادورہ کیا اوردائودی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشواسیدنابرہان الدین کی وفات پربوہرہ برادری کراچی کے صدر نورالدین طاہربھائی میمون اوردیگرارکان سے اپنے اورسابق صدرآصف زرداری کی جانب تعزیت کااظہار کیا۔

 photo 4_zpse651c116.jpg

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے بوہرہ کمیونٹی کے ارکان سے گفتگوکرتے ہوئے سیدنابرہان الدین کی وفات سے امت مسلمہ ایک بڑے عالم سے محروم ہوگئی،انھوں نے سیدنا برہان الدین کی اپنی برادری اورپاکستانی عوام کیلیے کی گئی خدمات کوسراہااورامیدظاہرکی کہ ان کے پیروکار ان کے مشن کوجاری رکھیں گے۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرا علیٰ سندھ نے کہاکہ سندھ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تنہا نہیں بلکہ وفاق کی طرف سے مکمل تعاون اورسول سوسائٹی کی طرف سے مکمل حمایت حاصل ہے،اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقار مہدی، راشد ربانی،صدیق ابو بھائی اورپیپلز پارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری نجمی عالم بھی موجودتھے۔