ڈیرہ اسماعیل خان میں غیرت کے نام پر میاں بیوی قتل

مقتول جمیل احمد نے چند ماہ قبل پسند كی شادی كی تھی اور واردات اسی كا شاخسانہ ہے، پولیس


ویب ڈیسک June 17, 2021
مقتول جمیل احمد نے چند ماہ قبل پسند كی شادی كی تھی اور واردات اسی كا شاخسانہ ہے، پولیس۔(فوٹو:فائل)

ڈیرہ اسماعیل خان كی حدودمیں پسند كی شادی و غیرت كے نام پر میاں بیوی کو دن دہاڑے قتل کردیا گیا۔

تفصیلات كے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے گائوں حسام كا رہائشی 21 سالہ جمیل احمدولد شاہجہان اپنی اہلیہ (ث) بی بی كے ہمراہ موٹر سائیكل پرمقامی عدالت سے پیشی كے بعد واپس اپنے گھر جارہا تھا كہ تھانہ صدر كی حدود میں ایک کار نے پہلے ان كی موٹر سائیكل كو ٹكر ماری بعدازاں گاڑی میں سوار مسلح افراد نے گاڑی سے اتر كر دونوں میاں بیوی پر اندھادھند فائرنگ كردی۔ جس كے نتیجے میں جمیل احمد اور اس كی اہلیہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

 

دوہرے قتل كی اطلاع پر ڈی ایس پی صدر سركل حافظ محمدعدنان خان اور متعلقہ ایس ایچ او جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور مقتولین كی نعشوں كو سول ہسپتال ڈیرہ منتقل كیا جہاں پوسٹ مارٹم كے بعد نعشیں ورثاءكے حوالے كردی گئیں جب كہ پولیس نے موقع واردات سے شواہد اكٹھے كركے تفتیش شروع كردی ہے۔

پولیس كے مطابق مقتول جمیل احمد نے چند ماہ قبل پسند كی شادی كی تھی اور واردات اسی كا شاخسانہ بتائی جارہی ہے۔