کلفٹن میں بینک لاکرز ٹوٹنے کا معاملہ، مزید 7 لاکرز ٹوٹے ہوئے نکل آئے

ویب ڈیسک  جمعـء 25 جون 2021
دیگرمتاثرہ افراد کے لاکرز میں موجود سامان کی مالیت کا اندازہ لگانے کے لیے ان سے رابطہ کیا جا رہا ہے، پولیس(فوٹو:فائل)

دیگرمتاثرہ افراد کے لاکرز میں موجود سامان کی مالیت کا اندازہ لگانے کے لیے ان سے رابطہ کیا جا رہا ہے، پولیس(فوٹو:فائل)

کلفٹن میں نجی بینک کے لاکر توڑنے کے مقدمے کی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، نجی بینک میں لیڈی ڈاکٹر کے علاوہ مزید 7 افراد کے لاکرز بھی توڑے گئے۔

کلفٹن میں نجی بینک میں مبینہ طور پرلاکر توڑنے کے درج مقدمے کی تفتیش کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نجی بینک میں لیڈی ڈاکٹر سمیت 8 افراد کے لاکرز توڑے گئے ہیں۔اس حوالے سے تفتیشی ذرائع  کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر انیتا قاضی کی جانب سےلاکر توڑنے کے حوالے سے مقدمہ درج کرانے کے بعد جب پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تو بینک کے مزید 7 لاکرز بھی ٹوٹے ہوئے پائے گئے، جب کہ پولیس کو صرف ڈاکٹر انیتا کی شکایات موصول ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیئے : کراچی میں نجی بینک کے لاکر سے کروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات کا صفایا

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر 7 متاثرہ افراد کے کوائف حاصل کیے جا رہے ہیں تاکہ ان سے رابطہ کر کے اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ وہ کسٹمرز کب سے بینک نہیں آئے اور ان کے لاکرز میں کتنی مالیت کا سامان موجود تھا۔

یاد رہے کہ زمزمہ اسٹریٹ پر نجی بینک کے لاکر سے کروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات کا صفایا کر دیا گیا ہے جب کہ حیران کن طور پر بینک انتظامیہ بھی واردات سے بے خبر نکلی۔ پولیس نے لیڈی ڈاکٹر کی مدعیت میں بینک انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس حوالے سے ڈاکٹر انیتا قاضی کا کہنا ہے کہ کلفٹن کے علاقے زمزمہ اسٹریٹ پر قائم نجی بینک میں میرا لاکر ہے، بدھ کی دوپہر لاکر سے طلائی زیورات نکلوانے کے لیے گئی تو اندر جا کر انکشاف ہوا کہ میرا لاکر کٹا ہوا تھا اور اس میں موجود 250 تولہ سونے کے طلائی زیورات غائب تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔