شہبازشریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جون 2021
سمندر پار پاکستانیوں کی نمائندگی کا طریقہ کار سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں، شہباز شریف فوٹو: فائل

سمندر پار پاکستانیوں کی نمائندگی کا طریقہ کار سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں، شہباز شریف فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کردیا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی۔ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں، بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے غیر متزلزل محبت، فکر اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) جمہوری سوچ اور اصولوں کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔

شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشتیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مختص کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ان نشستوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں، سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے، اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن کے وقت ملک آکر ووٹر لسٹ میں اپنے ووٹ کے اندراج کے مطابق ووٹ ڈالیں، بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے، اسی سوچ کے تحت آزاد جموں وکشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کے لئے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔