تحریک انصاف کے 8 ارکان کے سندھ اسمبلی اجلاس میں شرکت پر پابندی

اسٹاف رپورٹر  منگل 29 جون 2021
سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے اسپیکر کی منظوری کے بعد حکم نامہ جاری کردیا

سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے اسپیکر کی منظوری کے بعد حکم نامہ جاری کردیا

 کراچی: سندھ اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی جانب سے ایوان میں چارپائی لانے پر اسپیکر آغا سراج درانی نے تحریک انصاف کے ارکانِ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 اراکین کی سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کردی۔

اس حوالے سے سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ نے اسپیکر کی منظوری کے بعد حکم نامہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پیر کو ہونے والے سیشن میں پی ٹی آئی کے ارکان نے ایوان کے تقدس اور پارلیمانی روایت کو نقصان پہنچایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن ارکان علامتی جنازہ لے آئے، اجلاس میں شدید ہنگامہ آرائی

حکم نامے کے مطابق پابندی رواں سیشن کے لئے عائد کی گئی ہے ۔ جن ارکان پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلال احمد ،سعید احمد، رابستان خان، راجہ اظہر ارسلان تاج رواں، محمد علی عزیز جی جی، عدیل احمد اور شاہ نواز جدون شامل ہیں ۔ یہ ارکان سندھ اسمبلی کے رواں اجلاس میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔  اعلامیے کے مطابق کارروائی رول 233 اور 257 کے تحت ان ارکان کے غیر مناسب رویے کے خلاف کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ دعا کے بعد پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے ایوان میں شدید احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی گئی تھی پی ٹی آئی ارکان جمہوریت کے علامتی جنازے کے طور پر ایوان میں چارپائی اور بستر لے آئے تھے جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو انکوائری کا حکم دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔