پولیس کیلیے خصوصی تربیتی اقدامات کررہے ہیںشاہد ندیم

خصوصی تربیتی پروگرام کے وفد سے مرکزی پولیس دفتر میں آئی جی سندھ کی ملاقات


Staff Reporter January 22, 2014
آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ سے ڈی ایم جی سروسز گروپ کے افسران کا وفد ملاقات کررہا ہے۔فوٹو:راحیل سلمان/ایکسپریس

KARACHI: آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی استعدادی صلاحیت بڑھانے کیلیے فورس کی خصوصی تربیت سمیت دیگر قدامات کیے جا رہے ہیں۔

پولیس اعلامیے کے مطابق 36 ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے 48 رکنی وفد نے گزشتہ روزمرکزی پولیس دفتر میں آئی جی سندھ سے ملاقات کی، سول سروسز اکیڈمی لاہور سے خصوصی تربیت کے ضمن میں کراچی آنے والے شرکا کا تعلق ڈی ایم جی گروپ سے ہے۔



اس ملاقات میں ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے وفد میں شامل شرکا کو ٹارگٹڈ آپریشنز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی استعدادی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات کے سلسلے میں موجودہ فورس کی خصوصی تربیت، افرادی قوت میں اضافہ، سی سی ٹی وی سر ویلنس نظام اور پولیس گاڑیوں میں اسکینرز کی تنصیب شامل ہیں، وفد کو بتایا گیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف5 دسمبر سے جاری ٹارگٹڈ آپریشنز میں18جنوری 2014 تک مجموعی طور پر8909 چھاپوں اور6068 پولیس مقابلوں میں 113جرائم پیشہ عناصر ہلاک جبکہ 13388 گرفتار ہوئے ہیں۔