پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے آرمی چیف

افغانستان میں امن کے دشمن خطے میں عدم استحکام چاہتے ہیں، قمر جاوید باجوہ


ویب ڈیسک June 30, 2021
افغانستان میں امن کے دشمن خطے میں عدم استحکام چاہتے ہیں، قمر جاوید باجوہ (فائل فوٹو)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ اسٹریٹیجک اور بدلتی علاقائی صورتحال پر تفصیلی اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر امن کیلیے کوشاں ہے، پاکستان خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان نے سنجیدہ کردار ادا کیا، افغانستان میں امن کے دشمن خطے میں عدم استحکام چاہتے ہیں، کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری پرامن اور دیرپا حل ہونا چاہیے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمائیت کرتے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ موجودہ ڈاکٹرائن کو بہتر سے بہتر بنانے کیلیے کوشاں ہیں، مختلف نوعیت کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے۔

آرمی چیف نے تربیتی اور آپریشنل تیاریوں کو مزید نکھارنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماڈرنائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، بہترین تربیت یافتہ اور متحرک فوج کسی بھی چیلنج سے نمٹ سکتی ہے۔ آرمی چیف نے واضح کیا کہ مسلح افواج اور قوم کے اعتماد کے بندھن کو توڑنے کے خواہشمند ناکام ہوں گے۔

آرمی چیف نے کورس مکمل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور افسران کو بہترین مہارتیں اور صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں این ڈی یو پہنچنے پر صدر این ڈی یو لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے