بجلی کا بحران سنگین؛ شہری علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ

ویب ڈیسک  جمعرات 1 جولائی 2021
ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ ہے فوٹو: فائل

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ ہے فوٹو: فائل

 اسلام آباد /  لاہور: ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہری علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے جب کہ دیہی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 18 گھنٹوں تک جاپہنچا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا ہے، پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار میگاواٹ ہے۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 13 ہزار میگاواٹ جب کہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹ 2 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں لیکن اس وقت ملک میں بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ تک جاپہنچی ہے، اس طرح ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ ہے۔

بجلی کے شارٹ فال کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے، لاہور میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب 4600 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ہے، طلب اور رسد میں میں بہت بڑے فرق کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند کی جارہی ہے جب کہ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دوارنیہ 18 گھنٹوں تک پہنچ چکا ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں کو بجلی کے شارٹ فال کے ساتھ سسٹم اوور لوڈ ہونے سے دہری اذیت کا بھی سامنا ہے۔

پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 2200 میگاواٹ ہے، اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ہر 4 گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ جب کہ راولپنڈی میں ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔

اس کے علاوہ خیبر پختونخوا، سندھ ، بلوچستان اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں شدید گرمی اور بجلی کی بندش نے عوام کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔