شہید پولیس افسر کی نماز جنازہ میں آئی جی کی شرکت

امن قائم کرنے کیلیے پولیس گشت اور چیکنگ میں اضافہ کیا جائے،شاہد ندیم بلوچ


Staff Reporter January 24, 2014
گارڈن ہیڈکوارٹر میںمقتول پولیس افسر نذیر احمد کی نماز جنازہ میں آئی جی سندھ شریک ہیں۔ فوٹو: آن لائن

بدھ کو تھا نہ شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود میں فائرنگ کر کے شہید کیے جانے والے سب انسپکٹر نذیر احمدکی نماز جنازہ گزشتہ روز گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹرز سائوتھ میں ادا کی گئی۔

تفصیلات مطابق آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ سمیت ڈی آئی جی ایسٹ و پولیس کے دیگر سینئر افسران اور اہلکاروں کے علاوہ شہید کے ورثا، عزیز و اقارب اور اہلیان علاقہ نے نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے شہید سب انسپکٹر کو سلامی پیش کی،آئی جی سندھ نے شہید پولیس افسر کے ورثا سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی محکمانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 photo 4_zpsc6f2c55c.jpg

انھوں نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کی گرفتاریوں کے لیے انویسٹی گیشن اور آپریشنل پولیس افسران اشتراکی عمل کے تحت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں اور جائے وقوع سے اکٹھا کردہ شہادتوں اور بعدازاں فارنزک تحقیقات کی روشنی میں انتہائی غیر معمولی اقدامات اختیار کرتے ہوئے ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو پولیس اور قانون کی گرفت میں لائیں ،انھوں نے کہا کہ امن امان کے حالات پر کنٹرول اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ضمن میں باالخصوص علاقوں میں پولیس گشت اور اسنیپ چیکنگ میں مزید اضافہ کیا جائے ۔