انگلینڈ پرمسلسل دسویں شکست کا خطرہ منڈلانے لگا

آج پرتھ میں چوتھا ون ڈے ہوگا،آسٹریلیا نے کئی اہم پلیئرزکوآرام کا موقع فراہم کر دیا


Sports Desk January 24, 2014
اہم کینگرو پلیئرز کی عدم موجودگی نے انگلش کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کردیے۔گیٹی امیجز/فائل

SARGODHA: آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ون ڈے جمعے کو پرتھ میں کھیلا جائے گا، مہمان ٹیم پر مسلسل دسویں شکست کا خطرہ منڈلانے لگا،اہم کینگرو پلیئرز کی عدم موجودگی نے انگلش کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کردیے۔

ٹور میں ناکامیوں کا سلسلہ ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی، دوسری جانب قائم مقام میزبان کپتان جارج بیلی نے خود کو فٹ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم کے آسٹریلیا میں قیام کو3ماہ ہوگئے مگر وہ اب تک ایک بھی فتح کو گلے نہیں لگا پائی، ناکامیوں کا یہ سلسلہ 9 میچز تک دراز ہوچکا،اس کا آغاز ہوم ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست سے ہوا، جس کے بعد پانچوں ایشز ٹیسٹ اور اب ابتدائی تینوں ون ڈے میچز ٹیم ہار چکی، اگر پرتھ میں بھی ناکامی ہوئی تویہ تعداد 10تک پہنچ جائے گی، مگر یہ انگلش ٹیم کے لیے کوئی نئی بات نہیں کیونکہ 1993 اور 2001 میں بھی وہ ایسی رسوائی کا سامنا کرچکی ہے، اس مرتبہ ایشز کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی وائٹ واش ناکامی کا خطرہ سر پر منڈلاتے رہا اور اس کے اختتام پر تین ٹوئنٹی 20 میچز بھی کھیلے جانے ہیں۔

 photo 6_zps7568b57d.jpg

میزبان پلیئر اسٹیون اسمتھ تو پہلے ہی کہہ چکے کہ ان کی ٹیم کیلیے سب سے خوبصورت منظر انگلش پلیئرز کی خالی ہاتھ وطن واپسی ہوگی۔ چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیا نے کپتان مائیکل کلارک، اوپنر ڈیوڈ وارنر اور وکٹ کیپر بیٹسمین بریڈ ہیڈن کو آرام دیا جبکہ شین واٹسن پہلے سے ہی ریسٹ کر رہے ہیں، اسی وجہ سے انگلش ٹیم کو اپنی جیت کے امکانات دکھائی دینے لگے، تھائی انجری سے نجات کے بعد خود کو فٹ قرار دینے والے قائم مقام کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ہم کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلیے پُرعزم ہیں،اہم پلیئرز کے آرام سے مہمان سائیڈ کو فائدہ نہیں اٹھانے دینگے۔ انگلینڈ کو ہیمسٹرنگ انجری کے شکار آل رائونڈر بوائیڈ رینکن کی خدمات حاصل نہیں ہیں، اگر جیمز ٹریڈ ویل کو بھی ڈراپ کیا گیا تو پھر کرس ووکس کے میدان سنبھالنے کا امکان ہے۔