کیپ ٹاؤن بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، ڈیوڈ وارنر عثمان خواجہ کے حق میں بول پڑے

ڈیوڈ وارنر نے ویڈیو بیان میں عثمان خواجہ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں


ویب ڈیسک November 10, 2026

2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے واقعے سے متعلق سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کے انکشافات پر ڈیوڈ وارنر بھی ان کے حق میں بول پڑے اور کہا ہے کہ خواجہ کی بات بالکل سچ ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے ویڈیو بیان میں عثمان خواجہ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے حقائق سامنے لانے پر خواجہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وارنر کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر تنقید یا سوالات عثمان خواجہ کے بجائے ان اعلیٰ حکام اور اداروں سے کیے جانے چاہئیں جنہوں نے تحقیقات میں کوتاہی برتی اور حقائق سامنے نہیں لائے۔

واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے اپنی حال ہی میں شائع ہونے والی خودنوشت سوانح عمری ’صبر‘ میں انکشاف کیا تھا کہ 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی اور ڈریسنگ روم واقف تھے۔ اس واقعے کو سینڈ پیپر اسکینڈل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔