پاکستان فتوحات کی ہیٹ ٹرک کیلیے پرعزم

آسٹریلیاسے آخری ٹوئنٹی 20 آج کھیلا جائیگا


Sports Desk September 10, 2012
دبئی: انجری سے نجات پانے والے پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل بولنگ پریکٹس میں مصروف۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹوئنٹی 20 میچ پیر کو دبئی اسپورٹس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

گرین شرٹس نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے کینگروز کے خلاف کلین سوئپ کو ہدف بنالیا، سیریز میں فیصلہ کن برتری نے ٹیم میں چند تبدیلیوں کا دروازہ کھول دیا، کندھے پر چوٹ کھانے والے سعید اجمل کو حریف بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑانے کی کلیئرنس مل گئی، انگلی کی تکلیف میں مبتلا شاہد آفریدی کو بدستور باہر بیٹھنا ہوگا،کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ سیریز جیتنے کے بعد اب ہمارا مقصد آسٹریلیا کو وائٹ واش کا مزہ چکھانا ہے، ورلڈ کپ سے قبل سپر اوور کا تجربہ اچھا رہا، شاہد آفریدی کو جلد بازی میں کھلا کر خطرہ مول نہیں لے سکتے۔

ادھر آسٹریلوی ٹیم ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک سے بچنے کیلیے پوری قوت صرف کرنے کیلیے پرعزم ہے، بیٹسمین کیمرون وائٹ کا کہنا ہے کہ شکست سے قطع نظر ورلڈ کپ کی اچھی تیاری ہورہی ہے، ہم درست سمت میں گامزن ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تین ٹوئنٹی 20 میچزکی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری کے بعد اب پاکستان کینگروز کیخلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کا عزم رکھتے ہیں، ون ڈے سیریز میں شکست کو بھول کر ٹوئنٹی 20 میں پوری قوت صرف کرنے اور ٹرافی پر قبضے جمانے سے پاکستان ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہوچکے اور اسی اعتماد میں مزید اضافے کیلیے وہ آسٹریلیا کے خلاف کلین سوئپ کیلیے بے چین ہے۔

آخری معرکے کا میزبان بھی دبئی کا اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم ہی ہوگا جس پر پاکستان نے دوسرے میچ میں انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپراوور پر فتح کو گلے لگایا تھا۔ پاکستان کی جانب سے پلیئنگ الیون میں چند ایک تبدیلیوں کا امکان ہے اب تک باہر بیٹھے ہوئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ شاہد خان آفریدی آخری ون ڈے میں انگلی پر چوٹ کی وجہ سے ابتدائی دو ٹوئنٹی 20 نہیں کھیل پائے تھے اگرچہ اب وہ کافی بہتر دکھائی دے رہے ہیں مگر سیریز جیت چکنے کی وجہ سے ٹیم انتظامیہ ان کو ایک غیر اہم میچ میں کھلاکر کوئی خطرہ مول لینے کو تیار دکھائی نہیں دیتی۔

سعید اجمل کندھے کی تکلیف سے نجات پاچکے جبکہ ان کو تیسرے میچ میں بھی کینگرو بیٹنگ لائن کو نشانہ بنانے کی کلیئرنس مل چکی ہے۔ کوچ ڈیو واٹمور بھی ٹیم کی کارکردگی سے کافی خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ دو میچز میں دو فتوحات سے بڑھ کر ہم کسی اور چیز کی توقع نہیں کرسکتے، دوسرے میچ کا اختتام کافی سنسنی خیز تھا مگر اس سے ہمیں ورلڈ کپ سے قبل سپر اوور کا تجربہ بھی حاصل ہوگیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم مستقل مزاجی سے اچھا پرفارم کررہے ہیں ون ڈے کے بعد کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا کیونکہ ون ڈے سے ٹوئنٹی 20 موڈ میں آنے کیلیے ان کے پاس صرف ایک دن تھا۔

واٹمور نے کہا کہ کھلاڑی آپس میں متحد اور ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کررہے ہیں وہ اس وقت ایک دوسرے اور ملک کیلیے کھیلنے کو تیار ہیں۔ شاہد آفریدی کے حوالے سے واٹمور نے کہا کہ اگرچہ وہ کافی بہتر دکھائی دیتے ہیں مگر ہم شائد ان کو کھلانے کا خطرہ مول نہ لیں کیونکہ اگر دوبارہ ان کو بائیں ہاتھ پر چوٹ لگی تو وہ دو ہفتوں کیلیے کھیل سے دور ہوسکتے ہیں جوکہ ہمارے لیے بہت بڑا نقصان ہوگا، سعید اجمل کو کندھے میں تکلیف ہوئی تھی مگر اب وہ ٹھیک اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ آسٹریلیا سے آخری میچ کھیلے گا۔

دوسری جانب آسٹریلیا ورلڈ کپ کیلیے سری لنکا جانے سے قبل ایک فتح سے اپنے بکھرتے ہوئے حوصلوں کو مجتمع کرنے کیلیے کوشاں ہے۔ پاکستان کے ہاتھوں دو میچ ہارنے کے بعد کینگروز عالمی ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں آئرلینڈ سے بھی نیچے دسویں نمبر پر چلے گئے مگر بیٹسمین کیمرون وائٹ اپنی ٹیم کی ورلڈ کپ کیلیے تیاریوں سے پوری طرح مطمئن ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ درست ہے کہ ہم کو دو میچز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا مگر ہم نے پہلے میچ کے مقابلے میں دوسرے میں زیادہ بہتر کارکردگی پیش کی اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ہم درست سمت میں گامزن اور ورلڈکپ کیلیے اچھی طرح تیار ہورہے ہیں۔