ملک بھر میں کار فنانسنگ کے رجحان میں 41 فیصد اضافہ

خصوصی رپورٹر  بدھ 21 جولائی 2021
گزشتہ مالی سال عوام نے کار فنانسنگ کے لیے 211 ارب اور رواں مالی 279 ارب روپے کے قرض حاصل کیے (فوٹو : فائل)

گزشتہ مالی سال عوام نے کار فنانسنگ کے لیے 211 ارب اور رواں مالی 279 ارب روپے کے قرض حاصل کیے (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: ملک بھر میں کار فنانسنگ کے رجحان میں 41 فیصد اضافہ ہوگیا، گزشتہ مالی سال عوام نے کار فنانسنگ کے لیے 211 ارب اور رواں مالی 279 ارب روپے کے قرض حاصل کیے۔

اسٹیٹ بینک کی  رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران کار فناننسگ کے لیے مجموعی طور پر 279.5 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے جو گزشتہ سال کے مدمقابل 41 فیصد زیادہ ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال جولائی تا مئی 2020-21ء کے دوران کارفنانسنگ کی مد میں قرضوں کا اجرا 279.5 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2019-20ء کے اختتام پر قرضوں کی فراہمی کا حجم 211.11 ارب روپی رہا۔

اس طرح مالی سال 2020ء کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال 2021ء کے پہلے 11 مہینوں کے دوران گاڑیوں (کاروں) کی خریداری کے لیے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی 86.5 ارب روپے یعنی 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق کاروں کی خریداری کے لیے اسلامک بینکوں کی طرف سے قرضوں کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مجموعی قرضہ جات میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کے فراہم کردہ قرضوں کی شرح 60 فیصد تک بڑھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔