پولیس نے راج کندرا کے گھر سے 70 فحش فلمیں برآمد کرلیں

ویب ڈیسک  جمعرات 22 جولائی 2021
راج کندرا فحش فلموں کے تین واٹس ایپ گروپس کے ایڈمن ہیں، ممبئی پولیس کمشنر (فائل فوٹو)

راج کندرا فحش فلموں کے تین واٹس ایپ گروپس کے ایڈمن ہیں، ممبئی پولیس کمشنر (فائل فوٹو)

 ممبئی: پولیس نے راج کندرا کے گھر سے سرور سمیت 70 سے زائد فحش فلمیں برآمد کرلیں۔

ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ممبئی کرائم برانچ نے اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک سرور اور 70 سے زائد فحش فلمیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ فحش فلمیں راج کندرا کے اسسٹنٹ امیش کمار کی جانب سے شوٹ کی گئی ہیں، سرور کو فرانزک کے عمل سے گزار کر معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ آیا اس سرور سے فحش ویڈیوز اپلوڈ کر کے کن کن لوگوں کو بھیج گئیں۔

ممبئی کرائم برانچ نے نجی بینکوں سے رابطہ کر کے راج کندرا کے بینک کھاتوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔ تاہم راج کندرا تفتیش میں پولیس سے تعاون نہیں کر رہے۔

ممبئی پولیس کمشنر نے فحش فلموں کے کیس میں راج کندرا کو اہم سازشی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ راج کندرا فحش فلموں کے تین واٹس ایپ گروپس کے ایڈمن ہیں۔

خیال رہے کہ 19 جولائی کو راج کندرا کو فحش فلمیں بنانے اور انہیں موبائل ایپس پر نشر کرنے کے الزام میں پہلے سے درج مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے گزشتہ ہفتے دو مختلف ایف آئی آرز میں 9 افراد کو حراست میں لیا تھا جو کہ مبینہ طور پر اداکاراؤں کو فحش فلموں میں برہنہ مناظر فلم بند کرانے کے لیے زبردستی کرتے تھے۔ ان  فلموں کو پیڈ موبائل ایپلی کیشن پر اسٹریم کیا جاتا تھا۔

اداکارہ پونم پانڈے نے ممبئی ہائی کورٹ میں راج کندرا اور ان کے ساتھی کے خلاف کیس دائر کیا تھا جس میں اداکارہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ افراد نے ان کے ساتھ معاہدے کو معطل کرتے ہوئے ان کی ویڈیوز کوغیر قانونی طریقے سے استعمال کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔