عمران خان کشمیر الیکشن جیت گئے تو ہم نتائج قبول نہیں کریں گے، فضل الرحمان

ویب ڈیسک  اتوار 25 جولائی 2021
عمران خان جعلی اور ڈمی وزیراعظم ہیں، سربراہ جے یو آئی (ف) فوٹو : فائل

عمران خان جعلی اور ڈمی وزیراعظم ہیں، سربراہ جے یو آئی (ف) فوٹو : فائل

جنوبی وزیر ستان: مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان کشمیر کا الیکشن جیت گئے تو ہم دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کریں گے۔

جنوبی وزیرستان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں، پاکستان اور کشمیریوں کے 70 سالہ موقف سے غداری کی ہے، ہم نے پہلے کہہ دیا تھا کہ عمران خان نے کشمیر پر سودا بازی کردی اور یہ بیان ہمارے موقف کا ثبوت ہے، اب دھاندلی سے آزاد کشمیر میں نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم اگر عمران خان کشمیر کا الیکشن جیت گئے تو ہم دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قبائلیوں کا انضمام تو کردیا گیا لیکن اب اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے، قبائل میں نہ پرانا قانون ہے اور نہ نئے قانون کو سمجھا جارہا ہے، مردم شماری میں قبائلیوں کے بھی ساتھ دھاندلی کی گئی، قبائلی ہجرت میں تھے اور مردم شماری کردی گئی ہمیں ایسی مردم شماری قبول نہیں، گلگت بلتستان کی آبادی 15 لاکھ ہے اسے صوبہ بنانے کی باتیں کی جارہی اور ڈیڑھ کروڑ والی آبادی قبائل کو صوبہ بنانے نہیں دیا جارہا ہمارا مطالبہ ہے کہ قبائل کو الگ صوبہ بنایا جائے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی عوامی پذیرائی کا یہ عالم ہے کہ پچاس ضمنی الیکشن ہوئے اور 48 میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی، مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ خریداری کی قوت نہیں رہی جب کہ 90 دن کے اندر کرپشن کے خاتمے کی بات ہوئی، کرپشن ختم کرنا دور کی بات، کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے گئے،  بجلی اور گیس مہنگی کردی گئی لیکن حکمران کہتے ہیں عوام ٹیکس نہیں دیتے، تمہارے جیسے آدمی کو عوام ٹیکس کیوں دے، عمران خان جعلی اور ڈمی وزیراعظم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔