سعودی عرب کا کورونا سے متعلق نئی سخت سفری پابندیوں کا اعلان

سفری ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر پابندیاں اور جرمانہ عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا


ویب ڈیسک July 28, 2021
سعودی عرب نے انڈونیشیا سمیت کئی ممالک پر سفری پابندی عائد کی ہے، فوٹو: فائل

سعودی عرب میں کورونا سے خطرناک حد تک متاثر ہونے والے ممالک کا سفر کرنے والے شہریوں پر 3 سال کی سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے کورونا ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کا سفر کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم اب خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت سزا کااعلان کیا گیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی سعودی شہری ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کا کسی بھی دوسرے ملک سے سفر کرتا پایا گیا گا تو اس پر 3 سال کی سفری پابندی عائد کردی جائے گی اور دیگر بھاری جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : انڈونیشیا کے اسپتال میں آکسیجن کی قلت سے 63 مریض ہلاک

سعودی عرب نے انڈونیشیا میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز اور ہلاکتوں کے پیش نظر اسے ریڈ لسٹ میں شامل کرلیا ہے اور ایشیائی ممالک میں رہنے والے اپنے شہریوں کو کورونا سے متاثرہ علاقوں میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے جب کہ بغیر پیشگی اجازت متحدہ عرب امارات، ایتھوپیا اور ویت نام سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : انڈونیشیا میں تمام اسپتال کورونا کے مریضوں سے بھر گئے

واضح رہے کہ کورونا کی نئی بھارتی قسم (ڈیلٹا وائرس) زیادہ متعدی ہے اور تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث وہ ممالک جو ایس او پیز میں نرمی کرنے ہی والے تھے اب لاک ڈاؤن میں توسیع کر رہے ہیں۔