نذیرچوہان ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے، ترین گروپ کا سخت ردعمل کا فیصلہ

رضوان آصف / ویب ڈیسک  جمعرات 29 جولائی 2021
نذیر چوہان نے ایک ٹی وی شو کے دوران شہزاد اکبر پر الزام لگائے تھے فوٹو: فائل

نذیر چوہان نے ایک ٹی وی شو کے دوران شہزاد اکبر پر الزام لگائے تھے فوٹو: فائل

 لاہور: عدالت نے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے ساتھ تنازعے میں گرفتار جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے جب کہ ’ترین گروپ‘‘ نے گرفتاری پر حکومت کے خلاف شدید ردعمل دینے کا فیصلہ کر لیا۔

ایف آئی اے نے جہانگیر ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں پیش کیا۔ فریقین کا موقف سننے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے نذیر چوہان کا 2 دن کاجسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ’’ترین گروپ‘‘ نے اپنے ساتھی ایم پی اے نذیر چوہان کی گرفتاری پر حکومت کے خلاف شدید ردعمل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے کیونکہ ترین گروپ کا خیال ہے نذیر چوہان کی گرفتاری کے بعد حکومت ہمارے مزید ساتھیوں کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔ اس سلسلے میں قومی اور صوبائی اسمبلی میں بھی شدید سخت رویہ اختیار کیا جائے گا۔ جہانگیر ترین گزشتہ چند روز سے کراچی میں ہیں جس دوران نذیر چوہان کی گرفتاری ہوئی کراچی سے جہانگیر ترین کی واپسی کے بعد ترین گروپ کے اجلاس میں مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

تنازع کی وجوہات؛

جہانگیر ترین کے خلاف مقدمات پر قومی اور پنجاب اسمبلی کے ارکان پر مشتمل ایک گروپ وجود میں آیا تھا، جس میں نذیر چوہان بھی شامل تھے، نذیر چوہان نے ایک ٹی وی شو کے دوران شہزاد اکبر پر الزام لگائے تھے، جس پر شہزاد اکبر نے لاہور کے تھانہ ریس کورس میں پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمے کیلئے درخواست دی تھی۔ پولیس نے درخواست کی روشنی میں نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا تاہم 2 ماہ تک انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔