راولپنڈی میں 27 سال بعد قتل کا اشتہاری ملزم گرفتار

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 31 جولائی 2021
ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے ہر چھ ماہ بعد حلیہ تبدیل کرتا تھا

ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے ہر چھ ماہ بعد حلیہ تبدیل کرتا تھا

 راولپنڈی: تھانہ چونترہ پولیس نے قتل کے مقدمہ میں انتہائی مطلوب اشتہاری کو 27 سال بعد گرفتار کرلیا۔

ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے ہر چھ ماہ بعد حلیہ تبدیل کرتا تھا، مقدمہ میں 6 ملزمان پہلے ہی گرفتارہوچکے ہیں، انہوں نے دیرینہ دشمنی پر اکتوبر 1995 میں دو افراد کو قتل کردیا تھا، پولیس کا کہنا تھاکہ 27 سال بعد گرفتار ہونے والا ملزم محمد تاج اپنی شناخت چھپانے اور حلیہ تبدیل کرنے کا ماہر ہے۔

ملزم نے اپنے دیگر چھ ساتھیوں کے ساتھ مل کر دو افراد محمد آزاد اور محمد اقبال کو قتل کردیا تھا اور ملزمان فرار ہوگئے تھے، چونترہ پولیس نے محمد تاج کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ مرکزی ملزم روپوش ہوگیا تھا۔

عدالتی کارروائی کے بعد ملزم کو دوہرے قتل کے مقدمہ میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری تھیں، گزشتہ روز پولیس نے محمد تاج کو گرفتار کیا اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا، ملزم کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔